سب سے زیادہ تلاش کیا گیا:

پانچویں بین الاقوامی ہفتۂ صادقین کی تقریبات کے لیے حرم مقدس امیرالمومنین علیہ السلام کی تیاریاں مکمل

حرم مقدس امیرالمومنین علیہ السلام نے رسول اکرم حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور امام جعفر صادق علیہ السلام کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے منعقد ہونے والے پانچویں بین الاقوامی ہفتۂ صادقین کے لیے اپنی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ اس موقع پر عراق اور بیرونِ ملک مختلف طبقات کے لیے دینی، ثقافتی، فکری اور سماجی سرگرمیوں پر مشتمل ایک جامع پروگرام ترتیب دیا گیا ہے۔

مرکزِ نظم برائے منصوبہ بندی و ترقی کے سربراہ خادم وسام اسکندر نے بتایا کہ اس سال ہفتۂ صادقین میں مختلف نوعیت کی سرگرمیوں کے ذریعے عوام کو شریک کیا جائے گا، جبکہ عراق سے باہر بھی متعدد پروگرام منعقد ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پروگرام کا آغاز مرکزی پرچم کی تبدیلی کی تقریب سے ہوگا، جبکہ قرآنی محافل، "فیض الصادقین” کے عنوان سے خطابات، آن لائن مقابلہ، اعزازی تقریبات اور مختلف سماجی سرگرمیاں بھی منعقد کی جائیں گی۔ ان سرگرمیوں میں حرم مقدس امیرالمومنین علیہ السلام کے خدام کے نومولود بچوں اور تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے بچوں کی پذیرائی بھی شامل ہے۔

ہفتۂ صادقین کے دوران ثقافتی، ادبی اور فنی سرگرمیوں کو بھی نمایاں مقام حاصل ہوگا۔ اس سلسلے میں "اشراقۃ النبوۃ” نمائش، صحنِ مقدس میں عوامی تقریب، رسول اعظم بین الاقوامی عربی شعری میلہ اور نوجوانوں کے لیے نبوی شعری میلہ منعقد کیا جائے گا، جس میں سیرتِ نبوی اور اسلامی اقدار سے متعلق ادبی و فنی تخلیقات کو اجاگر کیا جائے گا۔

پروگرام کے فکری اور سماجی حصے میں "خواتین اور مکتبِ امام صادق علیہ السلام” کے موضوع پر مذاکرہ، بچوں کی دینی و ثقافتی تربیت کے لیے "محسن” پلیٹ فارم، تشریفاتی شعبوں کے ذمہ داران کی نشست اور حوزۂ علمیہ نجف اشرف کی ہزار سالہ تاریخ کے اعلان کی تقریب شامل ہے۔ اس کے علاوہ زائرین کے لیے ضیافت اور کھانے کے خصوصی انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔

ہفتۂ صادقین کی بین الاقوامی سرگرمیاں

اس سال ہفتۂ صادقین کا دائرہ عراق تک محدود نہیں رہے گا، بلکہ آذربائیجان اور پاکستان میں بھی "محفل النورین” منعقد کی جائے گی۔ اس اقدام کا مقصد مختلف ممالک میں اسلامی و دینی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور اسلامی اداروں و مسلم برادریوں کے ساتھ حرم مقدس امیرالمومنین علیہ السلام کے روابط کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

ہفتۂ صادقین کی یہ تمام سرگرمیاں حرم مقدس امیرالمومنین علیہ السلام کے مختلف شعبوں کی مشترکہ کاوشوں سے منعقد کی جا رہی ہیں۔ متعلقہ شعبوں نے انتظامی، فنی، میڈیا اور خدماتی امور کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں تاکہ اس بابرکت مناسبت کو شایانِ شان انداز میں منایا جا سکے اور دینی، ثقافتی و فکری میدان میں حرم مقدس کے کردار کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

مزید مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے