ڈرامائی پیشکش
شعبۂ ثقافتِ اسلامی کے معاون ذمہ دار، خادم حسین الدباغ نے نیوز سینٹر سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا:
"یہ ڈراما استراحتُ المرتضیٰ میں پیش کیا جا رہا ہے، جو حرم مقدس اميرالمومنين عليہ السلام سے وابستہ مرکز ہے اور ستون نمبر 96 کے قریب واقع ہے۔ اس پروگرام کی نگرانی شعبۂ فکری و ثقافتی امور کر رہا ہے۔ یہ ڈراما چار دن تک جاری رہے گا اور ہر روز رات ۱۱ بجے پیش کیا جائے گا، جس میں عراق کے مختلف صوبوں سے تعلق رکھنے والے فنکار حصہ لے رہے ہیں۔”
عاشورائی فن پاروں کی نمائش
حسین الدباغ نے مزید بتایا کہ شعبۂ ثقافتِ اسلامی نے "الوانُ الطف” کے عنوان سے ایک دیواری مصوری کی نمائش بھی منعقد کی ہے، جس میں دو بڑی دیواری تصویروں کے ذریعے واقعۂ کربلا کے اہم اور یادگار مناظر کو فنکارانہ انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ اس کا مقصد فن کے ذریعے نہضتِ حسینی کے پیغام اور اقدار کو عام کرنا ہے۔
جامعات کے اساتذہ اور فنکاروں کی شرکت
انہوں نے کہا کہ یہ نمائش سات دن تک جاری رہے گی۔ اس کی نگرانی عراق کی مختلف جامعات کے اساتذہ کر رہے ہیں، جبکہ مختلف صوبوں سے تعلق رکھنے والے مصور اور فنکار بھی اس میں شریک ہیں۔ نمائش کا مقصد جدید فنی اسلوب کے ذریعے حسینی تاریخ اور ورثے کو مؤثر انداز میں پیش کرنا ہے۔
یہ ڈراما اور فنّی نمائش حرم مقدس اميرالمومنين عليہ السلام کی جانب سے اربعین کے دوران منعقد کیے جانے والے ثقافتی و فکری پروگراموں کا حصہ ہیں، جن کا مقصد فن اور ثقافت کے ذریعے واقعۂ کربلا کے پیغام کو اجاگر کرنا، اور نئی نسل کو امام حسین علیہ السلام کی انسانی، اخلاقی اور ایمانی اقدار سے روشناس کرانا ہے۔








