حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام میں سال 2025ء کے میڈیا کارناموں کا جائزہ لینے کے لیے سالانہ کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں سوشل میڈیا ترقی، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی پیشرفت اور میڈیا ٹیم کی خدمات کو سراہا گیا۔
حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے شعبہ میڈیا نے اپنی سالانہ کانفرنس کے دوران، جو حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام سید عیسی الخرسان، ان کے معاون، مجلس نظما کے اراکین، شعبہ جات کے سربراہان اور مختلف یونٹس و شاخوں کے ذمہ داران کی موجودگی میں منعقد ہوئی، سال 2025ء کے دوران حاصل کی گئی اپنی میڈیا کامیابیوں کو پیش کیا اور ان کا تفصیلی جائزہ لیا۔ یہ کانفرنس کارکردگی کے جائزے اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ترقی اور نمو کے اشاریوں کا تجزیہ کرنے کے مقصد سے منعقد کی گئی۔
حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے متولی نے اپنے خطاب میں میڈیا ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے حرم مقدس کا پیغام مؤثر انداز میں منتقل کرنے کے لیے ان کی مسلسل جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا، انہوں نے میڈیا عملے کے لیے دعا کی کہ وہ حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام اور اس کے معزز زائرین کی خدمت جیسے عظیم مشن کی اہمیت کے مطابق اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں مزید کامیابیاں حاصل کریں۔
حرم مقدس کے شعبہ میڈیا کے سربراہ حیدر رحیم نے افتتاحی خطاب میں اس شعبہ کی مختلف سرگرمیوں اور حاصل شدہ کامیابیوں کی تفصیلات بیان کیں، انہوں نے بالخصوص سال 2025 کے دوران سوشل میڈیا پلیٹ فارمز میں نمایاں معیاری ترقی کی جانب اشارہ کیا، جو شعبہ کے عملے کی کاوشوں اور تجربات، خصوصاً ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے انتظام کے میدان میں، کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ متعدد ٹیلی ویژن نیٹ ورکس نے اس شعبہ کے کامیاب میڈیا تجربات سے استفادہ کیا ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام جدید میڈیا ذرائع کے استعمال میں ایک نمایاں اور قائدانہ مقام رکھتا ہے۔
پروگرام کے ایک اور حصے میں، نشریات و اشاعت یونٹ کی تجزیہ کار ٹیم کے ذمہ دار مجتبی الصافی کی جانب سے ایک تجزیاتی رپورٹ پیش کی گئی، اس رپورٹ میں سال 2025ء کے دوران حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے متعلق شماریاتی اشاریوں کا تفصیلی تجزیہ شامل تھا،یہ رپورٹ جدید اور اسپیشل ٹیکنالوجیز، خصوصاً سوشل لسٹننگ جیسے جدید تجزیاتی آلات کا استعمال کر کے تیار کی گئی، جس نے ڈیجیٹل رجحانات کے ساتھ ہم آہنگی پیدا کرنے اور حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کی آن لائن موجودگی کو مزید مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
کانفرنس کا اختتام شعبہ میڈیا کے مختلف یونٹس اور شاخوں کے ذمہ داران کی خدمات کے اعتراف اور ان کی قدردانی کے ساتھ ہوا، جنہوں نے گزشتہ سال بالخصوص امیرالمؤمنین علیہالسلام سے متعلق اہم مواقع اور بڑے واقعات کی دستاویز بندی اور کوریج میں نمایاں کردار ادا کیا،یہ اقدام حرم مقدس کی جانب سے میڈیا صلاحیتوں کی حمایت اور انہیں مزید تخلیقی اور مؤثر انداز میں کام کرنے کی ترغیب دینے کے عزم کی واضح علامت ہے۔
مزید تصاویر دیکھنے کے لیے یہاں کلک کیجئے




















