یہ کیمپ روزانہ سیکڑوں بچوں کو اپنی جانب متوجہ کر رہا ہے، جہاں تفریح، دینی رہنمائی اور اسلامی اقدار کی تربیت پر مشتمل مختلف پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں۔
کیمپ کے ذمہ دار، خادم حسین الکعبی نے نیوز سینٹر سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا:
"یہ پروگرام حرم مقدس اميرالمومنين عليہ السلام کی ہدایات پر منعقد کیا جا رہا ہے۔ اس سال بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، پہلے دن ۲۵۰ سے زائد بچے شریک ہوئے، جبکہ دوسرے دن یہ تعداد بڑھ کر ۳۵۰ سے زیادہ ہو گئی۔”
جامع ثقافتی پروگرام
انہوں نے بتایا کہ روزانہ پروگرام کا آغاز مرکز المحسن کی یونٹ "الفتی العلوی” کی جانب سے قرآنِ کریم کی تلاوت سے ہوتا ہے۔ اس کے بعد حسینی نعتوں اور نوحہ خوانی کے پروگرام پیش کیے جاتے ہیں، جن میں بچے تربیت کے بعد حصہ لیتے ہیں۔
تعلیم کے ساتھ تفریح
حسین الکعبی نے کہا کہ کیمپ میں بچوں کا پسندیدہ پروگرام "کوکو” بھی شامل ہے، جس میں متحرک گڑیوں کے ذریعے بچوں کو تعلیمی، اخلاقی اور ثقافتی پیغامات دلچسپ انداز میں دیے جاتے ہیں۔
اس کے علاوہ حسینی موضوعات پر مبنی مقابلے بھی منعقد کیے جاتے ہیں، جنہیں اس سال جدید انٹرایکٹو اسکرین کے ذریعے مزید دلچسپ اور تعلیمی بنایا گیا ہے۔
بچوں کی صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی
انہوں نے مزید بتایا کہ بچوں کو قرآن پڑھنے، حسینی اشعار پیش کرنے اور اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع بھی دیا جاتا ہے۔ اسی طرح مختصر تربیتی کہانیاں بھی سنائی جاتی ہیں، جن میں اخلاقی، دینی اور تربیتی موضوعات شامل ہوتے ہیں۔
روزانہ پروگرام کے اختتام پر بچوں میں حوصلہ افزائی کے لیے تحائف تقسیم کیے جاتے ہیں، اور اب تک ۱۰۰۰ سے زائد تحائف تقسیم کیے جا چکے ہیں۔
مخیّم المحسن اربعین کے دوران بچوں کی دینی اور ثقافتی تربیت کے لیے حرم مقدس اميرالمومنين عليہ السلام کے اہم پروگراموں میں سے ایک ہے، جس کا مقصد بچوں میں اہلِ بیت علیہم السلام کی تعلیمات، اخلاقی اقدار اور دینی شناخت کو مضبوط کرنا ہے۔






