حرم مقدس امیرالمؤمنین علیهالسلام کے فکری و ثقافتی امور کے شعبے سے وابستہ دارالقرآن کے سربراہ، علاء محسن نے میڈیا سینٹر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ قومی منصوبہ معاشرے میں قرآنی ثقافت کو فروغ دینے اور مختلف صوبوں میں قرآنی سرگرمیوں کو وسعت دینے کے مقصد سے بنایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے یہ پروگرام صوبہ واسط سے شروع کیا اور اس کا انعقاد وہاں کے قاریوں کی یونین کے ساتھ ہم آہنگی اور تعاون سے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل میں شمالی صوبوں میں بھی ختم قرآن کی تقریبات منعقد کرنے کے لیے پروگرام ترتیب دیا گیا ہے۔
محسن نے یہ بھی کہا کہ ان پروگراموں کے دوران، جنوبی صوبوں میں تقریباً تیس ختم قرآن کی تقریبات منعقد کی گئیں، جو مساجد اور حسینیوں میں روحانی ماحول میں انجام پائیں اور شرکاء کی جانب سے ان کا وسیع پیمانے پر استقبال کیا گیا، اس منصوبے میں ختم قرآن کے انعقاد کے عمل کو ٹریک کرنے اور منتظمین کے ساتھ رابطوں کو مضبوط بنانے کے لیے کئی صوبوں مثلاً بصرہ، ذی قار اور واسط کے فیلڈ وزٹ بھی شامل تھے۔
واضح رہے کہ یہ منصوبہ عراق کے 15 صوبوں میں عمل میں لایا جائے گا ہے اور اس میں مجموعی طور پر 60 ختم قرآن شامل ہیں، جن میں سے 30 ختم قرآن کا انعقاد جنوبی صوبوں میں کیا جا رہا ہے۔ یہ سرگرمی حرم مقدس امیرالمؤمنین علیهالسلام میں دارالقرآن یونٹ کی جانب سے عراق بھر کے صوبوں میں قرآنی ماحول کو فروغ دینے اور کلام الٰہی سے تعلق کو مضبوط بنانے کے لیے بنائے جانے والے ایک جامع پروگرام کا حصہ ہے۔







