سب سے زیادہ تلاش کیا گیا:

حرم مقدس امیرالمومنین علیہ‌السلام کی جانب سے اربعین زائرین کی خدمت کے لیے پہلے مربوط مواصلاتی منصوبے کا افتتاح

ایک رسمی تقریب میں عراق کے وزیرِ مواصلات اور حرم مقدس امیرالمومنین علیہ‌السلام کے متولی کی موجودگی میں حرم مقدس امیرالمومنین علیہ‌السلام کے عراق میں پہلے مواصلاتی منصوبے کی نقاب کشائی کی گئی، جو مواصلاتی کمپنیوں کو ایک مربوط نیٹ ورک کی صورت میں یکجا کرتا ہے۔

یہ نیٹ ورک صحنِ حضرت زہرا علیہا‌السلام  کی پوری فضا کا احاطہ کرتا ہے اور کال اور انٹرنیٹ کی خدمات اعلیٰ معیار کے ساتھ فراہم کرتا ہے، خاص طور پر عروج کے ایام اور لاکھوں کی تعداد میں زائرین کی زیارات کے دوران، خصوصاً زیارتِ اربعین میں۔

یہ منصوبہ ایک شاندار رسمی تقریب میں حرم مقدس امیرالمومنین علیہ‌السلام  کی تولیت کی نگرانی میں شروع کیا گیا۔
اس تقریب میں جناب سید عیسی الخرسان (حرم مقدس کے متولی)، ڈاکٹر ہیام الیاسری (وزیرِ مواصلات)، بغداد و نجف اشرف میں میڈیا و مواصلاتی کمیٹی کے نمائندگان، عراقی مواصلاتی کمپنیوں کے نمائندگان، سیکیورٹی کمانڈرز، سماجی شخصیات، معاونِ تولیتِ حرم، بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اراکین، شعبہ جات کے سربراہان اور حرم کے خادمین موجود تھے۔

ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی ترقی

وزیرِ مواصلات ڈاکٹر ہیام الیاسری نے مرکز خبری سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: "ہمیں اس بات پر بہت خوشی اور فخر ہے کہ یہ منصوبہ نجف اشرف سے شروع ہوا ہے، کیونکہ یہ مواصلات کے میدان میں ایک معیاری تبدیلی ہے، خاص طور پر اس لیے کہ یہ لاکھوں زائرین کی خدمت کرتا ہے جو مختلف مذہبی مواقع پر حرم مقدس امیرالمومنین علیہ‌السلام  میں آتے ہیں۔”

انہوں نے مزید کہا: "وزارتِ مواصلات نے مواصلاتی کمپنیوں کے تعاون سے کوشش کی ہے کہ لاکھوں زائرین کی زیارات کے ایام میں شہریوں کے لیے تیز رفتار اور سبسڈی والا انٹرنیٹ مناسب قیمت پر فراہم کیا جا سکے۔”

انہوں نے یہ بھی کہا: "یہ اقدام جدید ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی فراہمی کے ذریعے مقدس شہروں اور مذہبی سرگرمیوں کی حمایت کے لیے حکومتی نقطۂ نظر کے تحت کیا گیا ہے۔”

پانچ منزلہ کوریج کے ساتھ ذہین نیٹ ورک

اس منصوبے کے تکنیکی نگراں اور حرم مقدس امیرالمومنین علیہ‌السلام  کے خادم انجینئر کرار نجار نے خبررساں مرکز کو بتایا: "اس نظام کے قیام کا کام دو سال سے زائد عرصہ قبل میڈیا کمیٹی و مواصلات کی براہ راست شرکت اور عراق میں فعال مواصلاتی کمپنیوں کے ساتھ مکمل ہم آہنگی سے شروع کیا گیا تھا۔”

انہوں نے وضاحت کی: "اس نیٹ ورک کے بنیادی ڈھانچے میں ۳۵۰ سے زائد مواصلاتی پوائنٹس شامل ہیں جو صحنِ حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا کی تمام منزلوں میں نصب کئے گئے ہیں، زیریں منزلوں سے لے کر بالائی منزلوں تک، جس کی گہرائی زمین سے ۱۴ میٹر تک ہے اور مختلف بلندیوں پر محیط ہے۔ یہ نظام بیک وقت ایک لاکھ سے زائد صارفین کو بغیر کسی سگنل کٹنے یا مداخلت کے خدمات فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔”

ایک منفرد ڈیجیٹل تجربہ

فرات میانی علاقے میں میڈیا و مواصلات کمیٹی کے دفتر کے منیجر انجینئر عباس خاقانی نے بھی کہا:
"یہ منصوبہ عراق میں اپنے اس معیارِ تعمیر میں پہلا منصوبہ ہے۔ حرمِ مطہرِ علوی کی تمام جگہوں میں ۳۵۰ سے زائد مواصلاتی اینٹینا نصب کئے گئے ہیں اور یہ منصوبہ پانچ منزلوں میں ۲ لاکھ ۷۰ ہزار مربع میٹر سے زائد رقبے کا احاطہ کرتا ہے۔
اس کے لیے ایک دقیق انجینئرنگ اور الیکٹرانک ڈیزائن اور آلات کی تنصیب کے لیے بہترین مقامات کے تعین اور ہجوم کی کثافت اور فریکوئنسی مداخلت سے متعلق چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مسلسل میدانی نگرانی کی ضرورت تھی۔”

انہوں نے مزید کہا: "صحتِ حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا، تمام خدماتی جگہوں، انتظامی عمارتوں، لائبریری، ہالوں اور عبادت گاہوں میں مختلف بلندیوں پر مواصلاتی آلات کی جگہ کے تعین کے لیے دقیق نقشے ڈیزائن اور نافذ کئے گئے ہیں۔”

واضح رہے کہ مربوط مواصلاتی نظام جو حرم مقدس امیرالمومنین علیہ‌السلام  نے صحنِ حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا میں شروع کیا ہے، ان مواصلاتی خدمات اور تکنیکی اپ ڈیٹس کی ایک مثال ہے جو حرم مقدس امیرالمومنین علیہ‌السلام  نے زائرینِ امیرالمؤمنین علیہ‌السلام  کی بہتر خدمت کے لیے فراہم کی ہیں، خاص طور پر زیارتِ اربعین کے ایام میں جو لاکھوں افراد کو اپنی طرف کھینچتی ہے۔

مزید مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے