پیغمبر اکرم صلیاللہعلیہوآلہ خداوند متعال کے اذن سے علم غیب رکھتے تھے۔ آپ صلیاللہعلیہوآلہ مستقبل میں پیش آنے والے واقعات سے آگاہ تھے۔ حضرت فاطمہ زہرا سلاماللہعلیہا آپ صلیاللہعلیہوآلہ کی لخت جگر، جبکہ امیرالمومنین علیہ السلام آپ صلیاللہعلیہوآلہ کے بھائی اور جانشین تھے۔ رسول خدا صلیاللہعلیہوآلہ اپنے اہلبیت علیہمالسلام سے بے پناہ محبت کرتے تھے۔ ان پر آنے والی سختیوں اور مصائب کا تصور کرکے اشک بار ہو جاتے تھے۔ روایات میں آپ صلیاللہعلیہوآلہ کی ان پیش گوئیوں کا ذکر ملتا ہے۔ ان میں آپ صلیاللہعلیہوآلہ نے اپنے اہلبیت علیہمالسلام کو درپیش مصائب کی خبر دی۔
غربت و تنہائی کے آنسو
ایک روز حضرت فاطمہ زہرا سلاماللہعلیہا، امیرالمومنین علیہالسلام، امام حسن علیہالسلام اور امام حسین علیہالسلام یکے بعد دیگرے رسول خدا صلیاللہعلیہوآلہ کی خدمت میں حاضر ہوئے۔ آپ صلیاللہعلیہوآلہ کی نگاہ جب بھی ان میں سے کسی پر پڑتی تو آپ صلیاللہعلیہوآلہ گریہ فرمانے لگتے۔
ابن عباس نقل کرتے ہیں:
ایک روز رسول خدا صلیاللہعلیہوآلہ تشریف فرما تھے کہ امام حسن علیہالسلام داخل ہوئے۔
جب پیغمبر اکرم صلیاللہعلیہوآلہ نے انہیں دیکھا تو گریہ فرمایا اور کہا: میرے پاس آؤ، میرے پاس آؤ، اے میرے فرزند! آپ صلیاللہعلیہوآلہ نے انہیں اپنے قریب کیا، یہاں تک کہ انہیں اپنی دائیں ران پر بٹھا لیا۔
پھر امام حسین علیہالسلام تشریف لائے۔ جب خاتم الانبیاء نے انہیں دیکھا تو گریہ فرمایا اور کہا:میرے پاس آؤ، میرے پاس آؤ، اے میرے فرزند! اور انہیں اپنی بائیں ران پر بٹھا لیا۔
پھر حضرت فاطمہ سلاماللہعلیہا تشریف لائیں۔ جب آپ صلیاللہعلیہوآلہ نے انہیں دیکھا تو گریہ فرمایا اور کہا: میرے پاس آؤ، میرے پاس آؤ، اے میری بیٹی! آپ صلیاللہعلیہوآلہ نے انہیں اپنے قریب کیا، یہاں تک کہ اپنے سامنے بٹھا لیا۔
اس کے بعد امیرالمومنین علی بن ابی طالب علیہالسلام تشریف لائے۔
جب خاتم الانبیاء صلیاللہعلیہوآلہ نے انہیں دیکھا تو گریہ فرمایا اور کہا: میرے پاس آؤ، میرے پاس آؤ، اے میرے بھائی! آپ صلیاللہعلیہوآلہ نے انہیں اپنے قریب کیا، یہاں تک کہ اپنی دائیں جانب بٹھا لیا۔
اصحاب نے عرض کیا: اے رسول خدا صلیاللہعلیہوآلہ! آپ صلیاللہعلیہوآلہ نے ان میں سے جس کسی کو بھی دیکھا، گریہ فرمانے لگے؛ کیا ان میں کوئی ایسا نہیں جسے دیکھ کر آپ صلیاللہعلیہوآلہ خوش ہوں؟
پیغمبر اکرم صلیاللہعلیہوآلہ نے فرمایا:
قسم ہے اس ذات کی جس نے مجھے حق کے ساتھ نبی بنا کر مبعوث کیا، بشارت دینے والا اور ڈرانے والا قرار دیا اور تمام مخلوقات پر مجھے منتخب کیا، بے شک میں اور یہ حضرات خداوند عزوجل کے نزدیک تمام مخلوقات میں سب سے زیادہ محترم ہیں اور روئے زمین پر کوئی انسان میرے نزدیک ان سے زیادہ محبوب نہیں ہے۔
امت کی خیانت سے مولائے متقیان علیہالسلام کی شہادت تک
خاتم الانبیاء صلیاللہعلیہوآلہ نے پیش گوئی فرمائی کہ مولائے متقیان امیرالمومین علیہالسلام کو امت کی جانب سے ایک سازش کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہیں اس مقام سے دور رکھا جائے گا جو ان کا حق ہے۔ یہ سلسلہ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک آپ علیہالسلام ماہ رمضان میں شہادت کے درجہ پر فائز نہیں ہو جاتے۔
رسول خدا صلیاللہعلیہوآلہ نے امیرالمومنین علیہالسلام کی طرف دیکھا اور فرمایا:
لیکن علی بن ابی طالب علیہالسلام میرے بھائی، میرے غم خوار، میرے بعد صاحب امر، دنیا اور آخرت میں میرے علمدار، میرے حوض اور میری شفاعت کے مالک، ہر مومن کے سرپرست اور ہر پرہیزگار کے امام ہیں، یہ میری امت میں میرے وصی اور جانشین ہیں، میری زندگی میں بھی اور میری وفات کے بعد بھی، ان سے محبت کرنے والا مجھ سے محبت کرتا ہے اور ان سے دشمنی رکھنے والا مجھ سے دشمنی رکھتا ہے، ان کی ولایت کے سبب میری امت پر رحمت نازل ہوئی، اور میری وفات کے بعد ان کی مخالفت کے سبب وہ لعنت میں گرفتار ہوئی۔
جب میں نے انہیں دیکھا تو گریہ کیا کیونکہ مجھے اپنی وفات کے بعد ان کے ساتھ امت کی خیانت یاد آگئی۔ یہاں تک کہ انہیں اس مقام سے ہٹا دیا جائے گا جو خداوند نے میرے بعد ان کے لیے مقرر کیا ہے۔
پھر یہ سلسلہ جاری رہے گا، یہاں تک کہ ان کے سر مبارک پر ایک ضرب لگائی جائے گی۔ ان کی داڑھی ان کے سر کے خون سے رنگین ہو جائے گی۔ یہ واقعہ بہترین مہینے، یعنی ماہ رمضان میں پیش آئے گا۔ وہی مہینہ جس میں قرآن لوگوں کی ہدایت کے لیے اور ہدایت کی روشن نشانیوں اور فرقان کے ساتھ نازل ہوا۔
جنت کی خواتین کی سردار کے مصائب
پیغمبر اسلام صلیاللہعلیہوآلہ نے اپنی شہادت کے بعد حضرت فاطمہ زہرا سلاماللہعلیہا کے مستقبل کے غموں اور مصیبتوں کا ذکر فرمایا۔ آپ سلاماللہعلیہا پر ظلم کرنے والوں کے لیے خداوند سے سزا طلب کی۔
خاتم الانبیاء صلیاللہعلیہوآلہ نے اپنی بیٹی کے لیے گریہ کرنے کی وجہ بیان کرتے ہوئے فرمایا:
لیکن میری بیٹی فاطمہ سلاماللہعلیہا اولین و آخرین کی تمام جہانوں کی خواتین کی سردار ہیں۔ وہ میرے جسم کا ٹکڑا، میری آنکھوں کا نور، میرے دل کا پھل اور میری روح ہیں جو میرے دونوں پہلوؤں کے درمیان ہے۔ وہ انسانی شکل میں ایک حور ہیں۔ جب وہ محراب عبادت میں اپنے پروردگار کے حضور نماز کے لیے کھڑی ہوتی ہیں تو ان کا نور آسمانوں کے فرشتوں کے لیے اسی طرح چمکتا ہے، جیسے ستارے زمین والوں کے لیے چمکتے ہیں۔
پس خداوند عزوجل فرشتوں سے فرماتا ہے: اے میرے فرشتوں! میری مخلوقات کی خواتین کی سردار فاطمہ کو دیکھو، جو میرے حضور کھڑی ہیں؛ ان کا جسم میرے خوف سے لرز رہا ہے اور وہ پورے دل کے ساتھ میری عبادت میں مشغول ہیں، میں تمہیں گواہ بناتا ہوں کہ میں نے ان کے شیعوں کو جہنم کی آگ سے محفوظ کر دیا ہے۔
اور جب میں نے انہیں دیکھا تو مجھے ان مصیبتوں کا خیال آیا جو میرے بعد ان پر گزریں گی؛ گویا میں انہیں دیکھ رہا ہوں کہ بے احترامی ان کے گھر میں داخل ہو چکی ہے، ان کی حرمت پامال کی گئی ہے، ان کا حق غصب کر لیا گیا ہے، انہیں میراث سے محروم کر دیا گیا ہے، ان کا پہلو توڑ دیا گیا ہے اور ان کے شکم میں موجود بچہ سقط ہو گیا ہے؛ جبکہ وہ فریاد کر رہی ہیں: وا محمداہ!
لیکن کوئی جواب نہیں ملتا، وہ مدد طلب کرتی ہیں مگر کوئی ان کی مدد کو نہیں آتا، میرے بعد وہ ہمیشہ غمگین، رنجیدہ اور گریہ کرتی رہیں گی؛ کبھی اپنے گھر سے وحی منقطع ہونے کو یاد کریں گی اور کبھی میری جدائی کو، جب رات آتی ہے تو میری جدائی اور اس آواز سے محروم ہو جانے کے باعث تنہائی محسوس کرتی ہیں جو نماز شب میں قرآن کی تلاوت کے وقت مجھ سے سنتی تھیں، پھر ان کی بے احترامی کی جائے گی حالانکہ اس سے پہلے وہ عزیز و محترم تھیں۔ اس وقت خداوند متعال فرشتوں کے ذریعے انہیں انس و سکون عطا کرے گا۔
وہ انہیں اسی طرح پکاریں گے جیسے جناب مریم بنت عمران کو پکارا تھا:
اے فاطمہ سلاماللہعلیہا! بے شک خداوند نے آپ سلاماللہعلیہا کو منتخب کیا، پاکیزہ بنایا اور تمام جہانوں کی عورتوں پر فضیلت عطا کی، اے فاطمہ سلاماللہعلیہا! اپنے پروردگار کی اطاعت کیجئے، سجدہ کیجئے اور رکوع کرنے والوں کے ساتھ رکوع کیجئے۔ پھر ان کا زخم شروع ہوگا اور وہ زخمی ہو جائیں گی۔
خداوند عزوجل جناب مریم بنت عمران کو ان کے پاس بھیجے گا تاکہ وہ ان کی تیمارداری کریں اور اس زخم کے دوران ان کی مونس و غم خوار ہوں۔
اس وقت فاطمہ کہیں گی:
پروردگارا! میں زندگی سے تھک چکی ہوں اور اہل دنیا سے دل برداشتہ ہوں؛ مجھے میرے والد سے ملا دے۔ پس خداوند انہیں مجھ سے ملا دے گا اور وہ میرے اہل بیت میں سے سب سے پہلے مجھ سے آ ملیں گی، وہ میرے پاس اس حال میں آئیں گی کہ غمگین، رنجیدہ، مصیبت زدہ، حق سے محروم اور شہید ہوں گی۔
اس وقت میں عرض کروں گا:
اے اللہ! ان پر ظلم کرنے والے کو لعنت کر، ان کا حق غصب کرنے والے کو سزا دے، ان کی بے احترامی کرنے والے کو ذلیل کر اور اس شخص کو جس نے ان کے پہلو پر ضرب لگائی تاکہ ان کا ان کا بچہ سقب ہو جائے، ہمیشہ کے لیے جہنم کی آگ میں جاوداں رکھ۔ اس وقت فرشتے کہیں گے: آمین!
حسن علیہالسلام: صبر کا نمونۂ عمل
رسول خدا صلیاللہعلیہوآلہ نے امام حسن علیہالسلام کا ذکر نہایت خوبصورت تعبیرات، جیسے نور چشم اور میوۂ دل، کے ساتھ فرمایا۔ وہ مصائب بیان کیے جو آپ علیہالسلام کے سامنے آنے والے تھے۔ ان کا انجام آپ علیہالسلام کی شہادت پر ہوگا۔
خاتم الانبیاء نے امام حسن علیہالسلام کی طرف دیکھا اور اپنے اصحاب سے فرمایا:
لیکن حسن وہ میرے فرزند، میری نسل سے، میرے وجود سے، میری آنکھوں کا نور، میرے دل کی روشنی اور میرے دل کا پھل ہیں۔ وہ جنت کے جوانوں کے سردار اور ائمہ پر خدا کی حجت ہیں۔ ان کا حکم میرا حکم اور ان کا کلام میرا کلام ہے۔ جو ان کی پیروی کرے گا، وہ مجھ سے ہے اور جو ان کی نافرمانی کرے گا، وہ مجھ سے نہیں ہے۔ جب میں نے انہیں دیکھا تو مجھے ان ذلتوں کا خیال آیا جو میرے بعد ان پر گزریں گی۔ یہ سلسلہ مسلسل جاری رہے گا، یہاں تک کہ ظلم اور دشمنی کی بنا پر انہیں زہر دے کر شہید کر دیا جائے گا۔ اس وقت فرشتے اور ساتوں آسمان ان کی وفات پر گریہ کریں گے اور تمام مخلوقات، حتیٰ کہ آسمان کے پرندے اور پانی کے اندر مچھلیاں بھی ان پر روئیں گی۔ جو ان پر گریہ کرے گا، اس کی آنکھیں اس دن نابینا نہیں ہوں گی جس دن آنکھیں نابینا ہو جائیں گی۔ جو ان کے غم میں رنجیدہ ہوگا، اس کا دل اس دن غمگین نہیں ہوگا جس دن دل غمگین ہوں گے۔ اور جو بقیع میں ان کی زیارت کرے گا، اس کے قدم اس دن ثابت رہیں گے جس دن قدم صراط پر ڈگمگائیں گے۔
حسین علیہالسلام: امت کے لیے چراغ ہدایت
پیغمبر اسلام نے امام حسین علیہالسلام کو جنت کے جوانوں کا سردار اور امت اسلامیہ کی نجات کی علامت قرار دیا۔ فرمایا کہ آخرکار آپ علیہالسلام مظلومیت کے ساتھ شہید کیے جائیں گے۔
رسول خدا نے امام حسین علیہالسلام کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا:
لیکن حسین وہ مجھ سے ہیں، میرے فرزند ہیں، میری نسل سے ہیں اور اپنے بھائی کے بعد بہترین مخلوق ہیں۔ وہ مسلمانوں کے امام، مؤمنین کے سرپرست، پروردگار عالم کے خلیفہ، سرگرداں لوگوں کی پناہ گاہ اور تمام مخلوقات پر خدا کی حجت ہیں۔ وہ اہل جنت کے جوانوں کے سردار اور امت کی نجات کا دروازہ ہیں۔ ان کا حکم میرا حکم اور ان کی اطاعت میری اطاعت ہے۔ جو ان کی پیروی کرے گا، وہ مجھ سے ہے اور جو ان کی نافرمانی کرے گا، وہ مجھ سے نہیں ہے۔ جب میں نے انہیں دیکھا تو مجھے ان مصائب کا خیال آیا جو میرے بعد ان پر گزریں گے۔ گویا میں انہیں دیکھ رہا ہوں کہ وہ میرے حرم میں پناہ لینے آئے ہیں، مگر انہیں پناہ نہیں دی جائے گی۔ پس خواب میں انہیں اپنے سینے سے لگاتا ہوں، انہیں حکم دیتا ہوں کہ میری ہجرت کے شہر سے کوچ کریں اور انہیں شہادت کی بشارت دیتا ہوں۔ چنانچہ وہ اپنی سرزمین شہادت اور مقام قتل، یعنی سرزمین کرب و بلا، قتل و نابودی کی جانب روانہ ہوں گے۔ مسلمانوں کا ایک گروہ ان کی مدد کرے گا۔ وہ قیامت کے دن میری امت کے شہیدوں کے سردار ہوں گے۔ گویا میں انہیں دیکھ رہا ہوں کہ ان کی طرف ایک تیر پھینکا گیا ہے اور وہ اپنے گھوڑے سے زمین پر گر پڑے ہیں۔ پھر انہیں اس طرح مظلومانہ ذبح کیا جائے گا جیسے بھیڑ کو ذبح کیا جاتا ہے۔
روز قیامت شفاعت
پیغمبر اکرم صلیاللہعلیہوآلہ نے اہلبیت علیہمالسلام کے لیے دنیا میں نشیب و فراز سے بھرے مستقبل اور روز قیامت عظیم اجر کی پیش گوئی فرمائی۔ اس دن حضرت فاطمہ سلاماللہعلیہا اپنے خاندان پر روا رکھے گئے مظالم کے لیے عدل الہی کی طلب گار ہوں گی۔
رسول خدا صلیاللہعلیہوآلہ نے اہلبیت علیہمالسلام کی مصیبتیں بیان کرنے کے بعد گریہ فرمایا۔ حاضرین بھی رو پڑے اور ان کی آہ و بکا بلند ہوگئی۔
پھر آپ صلیاللہعلیہوآلہ نے فرمایا:
اے اللہ! میں تجھ سے اپنے اہل بیت کی ان مصیبتوں کی شکایت کرتا ہوں جن سے وہ میرے بعد دوچار ہوں گے۔
پھر فرمایا:
جب قیامت کا دن برپا ہوگا تو عرش الہی کو ہر قسم کے زیور سے آراستہ کیا جائے گا۔ پھر نور کے دو منبر لائے جائیں گے، جن میں سے ہر ایک کی بلندی سو میل ہوگی۔ ایک کو عرش کے دائیں جانب اور دوسرے کو عرش کے بائیں جانب رکھا جائے گا۔ اس کے بعد حسن اور حسین علیہماالسلام کو لایا جائے گا۔ حسن ان دونوں میں سے ایک منبر پر اور حسین دوسرے منبر پر کھڑے ہوں گے۔ خداوند تبارک و تعالی ان دونوں کے ذریعے اپنے عرش کو زینت بخشے گا، اسی طرح جیسے کوئی عورت اپنے دو گوشواروں سے خود کو آراستہ کرتی ہے۔
پھر پیغمبر صلیاللہعلیہوآلہ نے فرمایا:
جب قیامت کا دن برپا ہوگا تو میری دختر فاطمہ سلاماللہعلیہا جنت کے اونٹوں میں سے ایک اونٹ پر سوار ہو کر آئیں گی، جس کے دونوں پہلو زیورات سے آراستہ ہوں گے۔ اس کی لگام موتیوں کی، اس کے پاؤں سبز زمرد کے، اس کی دم خالص اور خوشبودار مشک کی، اور اس کی آنکھیں سرخ یاقوت کی ہوں گی۔ اس پر نور کا ایک گنبد ہوگا، جس کا اندرونی حصہ باہر سے اور بیرونی حصہ اندر سے دیکھا جا سکے گا۔ اس کا اندرونی حصہ خدا کی عفو و بخشش سے اور بیرونی حصہ خدا کی رحمت سے ہوگا۔ فاطمہ کے سر پر نور کا ایک تاج ہوگا جس کے ستر ستون ہوں گے، اور ہر ستون موتیوں اور یاقوت سے آراستہ ہوگا۔ وہ اہل جنت کے لیے آسمان کے افق پر چمکتے ستارے کی مانند نور بکھیرے گا۔ آپ سلاماللہعلیہا کے دائیں جانب ستر ہزار فرشتے ہوں گے اور جبرئیل اس اونٹ کی لگام تھامے ہوں گے۔
وہ بلند ترین آواز میں ندا دیں گے: اے اہل محشر! اپنی نگاہیں جھکا لو تاکہ رسول خدا صلیاللہعلیہوآلہ کی دختر فاطمہ گزر جائیں۔
اس دن کوئی نبی، صاحب مقام و مرتبہ، صدیق یا شہید ایسا نہیں ہوگا مگر وہ اپنی نگاہیں جھکا لے گا، یہاں تک کہ محمد صلیاللہعلیہوآلہ کی دختر فاطمہ سلاماللہعلیہا، تمام جہانوں کی خواتین کی سردار، گزر جائیں۔ پھر وہ آگے بڑھیں گی، یہاں تک کہ اپنے پروردگار عزوجل کے عرش کے سامنے کھڑی ہو جائیں گی۔
پھر خود اپنی سواری سے اتر کر عرض کریں گی: پروردگارا! اے میرے آقا! میرے اور اس شخص کے درمیان فیصلہ فرما جس نے مجھ پر ظلم کیا، اور میرے اور اس شخص کے درمیان حکم فرما جس نے میرے فرزند کو قتل کیا۔
اس وقت خداوند متعال کی جانب سے ندا آئے گی: اے میری محبوبہ اور میرے محبوب کی دختر! مانگو، تمہیں عطا کیا جائے گا؛ شفاعت کرو، تمہاری شفاعت قبول کی جائے گی۔ مجھے اپنی عزت و جلال کی قسم، میں کسی ظالم کے ظلم کو ہرگز نظر انداز نہیں کروں گا۔
پس فاطمہ سلاماللہعلیہا عرض کریں گی: پروردگارا! میرے فرزندوں، میرے فرزندوں کے پیروکاروں اور میرے فرزندوں سے محبت کرنے والوں کو نجات عطا فرما۔
اس وقت خداوند عزوجل کی جانب سے ندا آئے گی: فاطمہ کے فرزند، ان کے پیروکار، ان کے فرزندوں کے پیروکار اور ان کے فرزندوں سے محبت کرنے والے کہاں ہیں؟
پس وہ آگے بڑھیں گے، جبکہ رحمت کے فرشتے انہیں اپنے حصار میں لیے ہوں گے، اور فاطمہ سلاماللہعلیہا ان کے آگے آگے چلیں گی، یہاں تک کہ انہیں جنت میں داخل کر دیں گی۔ خدا کا سلام ہو ان پر اور ان کے والد پر۔[۱]
قیامت کے دن شکایت
حضرت فاطمہ سلاماللہعلیہا قیامت کے دن خاص شان و شوکت کے ساتھ محشر میں وارد ہوں گی اور اپنے اوپر اور اپنے خاندان پر روا رکھے گئے مظالم کے سبب داد خواہی اور شکایت کریں گی۔
رسول خدا صلیاللہعلیہوآلہ نے فرمایا:
جب قیامت کا دن آئے گا تو میری دختر فاطمہ اس حال میں محشور ہوں گی کہ ان کے ساتھ خون آلود لباس ہوں گے۔
پھر وہ عرش کے ستونوں میں سے ایک ستون کو تھام کر کہیں گی: اے عادل خدا! میرے اور میرے فرزندوں کے قاتل کے درمیان فیصلہ فرما!
کعبہ کے رب کی قسم! خدا میری دختر کے حق میں فیصلہ فرمائے گا، کیونکہ خدا فاطمہ کے غضب سے غضبناک ہوتا ہے اور ان کی رضامندی سے راضی ہوتا ہے۔[۲]
مآخذ
[۱] الفضائل ابن شاذان، جلد ۱، صفحہ ۸
[۲] بحار الانوار، جلد ۴۳، صفحہ ۲۲۰