جب خاتم النبیین صلیاللہعلیہوآلہ کی زندگی کے آخری لمحات قریب آئے تو فضا سوگوار ہو گئی۔ حضرت فاطمہ زہرا سلاماللہعلیہا کے گھر پر غم کی گرد چھا گئی۔ ان اجنبیت اور تنہائی سے بھرے دنوں میں امیرالمومنین علیہالسلام ہی حضرت فاطمہ زہرا سلاماللہعلیہا کا واحد سہارا تھے۔ آپ علیہالسلام ہی سیدہ سلاماللہعلیہا کے رازدار اور اسرار کے امین تھے۔ وہی ذات جسے رسول خدا صلیاللہعلیہوآلہ کی رحلت کے بعد وصیتوں کا بھاری بوجھ اٹھانا تھا۔ ان تمام دشوار لمحات میں حریم ولایت کی پاسبانی کرنی تھی۔
بیٹی کی مظلومیت پر باپ کا غم
پیغمبر اکرم صلیاللہعلیہوآلہ کی زندگی کے آخری لمحات اپنی دختر نیک اختر کے مستقبل کے بارے میں ایک جانکاہ غم کے ساتھ گزرے۔ اس روایت میں ایک مہربان والد اور ان کی دختر کے درمیان مستقبل کی مصیبتوں اور بارگاہ حق میں دوبارہ ملاقات کی بشارت کے بارے میں گفتگو بیان ہوئی ہے۔
جب رسول خدا صلیاللہعلیہوآلہ کی شہادت کے لمحات قریب آئے تو آپ صلیاللہعلیہوآلہ اس قدر روئے کہ آپ صلیاللہعلیہوآلہ کی ریش مبارک تر ہوگئی۔
اصحاب نے عرض کیا: یا رسول اللہ صلیاللہعلیہوآلہ! آپ صلیاللہعلیہوآلہ کیوں گریہ فرما رہے ہیں؟
آپ صلیاللہعلیہوآلہ نے فرمایا:
میں اپنی ذریت اور اولاد کے لیے اور ان مظالم پر رو رہا ہوں جو میرے بعد میری امت کے ظالموں کی جانب سے ان پر ڈھائے جائیں گے۔ گویا میں اسی وقت اپنی بیٹی فاطمہ زہرا سلاماللہعلیہا کو دیکھ رہا ہوں کہ میرے بعد ان پر ظلم کیا جا رہا ہے اور وہ ہر بار یا ابتاہ (اے بابا جان!) کہہ کر فریاد کر رہی ہیں، مگر میری امت میں سے کوئی بھی ان کی فریاد کو نہیں پہنچتا۔
جب یہ بات حضرت فاطمہ زہرا سلاماللہعلیہا کے کانوں تک پہنچی تو آپ سلاماللہعلیہا گریہ کرنے لگیں۔
پیغمبر صلیاللہعلیہوآلہ نے فرمایا: میری عزیز دختر! گریہ نہ کرو۔
حضرت فاطمہ زہرا سلاماللہعلیہا نے جواب دیا:
بابا جان! میں ان مظالم پر نہیں رو رہی جو آپ صلیاللہعلیہوآلہ کے بعد مجھ پر ڈھائے جائیں گے، بلکہ آپ صلیاللہعلیہوآلہ کی دوری اور جدائی کے غم میں میرے آنسو بہہ رہے ہیں۔
اس وقت رسول خدا صلیاللہعلیہوآلہ نے آپ سلاماللہعلیہا کو بشارت دی:
اے محمد صلیاللہعلیہوآلہ کی دختر! آپ سلاماللہعلیہا کو بشارت ہو کہ میرے اہل بیت علیہمالسلام میں سب سے پہلے آپ سلاماللہعلیہا ہی مجھ سے آ ملنے والی ہیں۔[۱]
جنت سے وصال کا خواب
حضرت زہرا سلاماللہعلیہا کا خواب صادق ایک عظیم حقیقت سے پردہ اٹھاتا ہے۔ والد صلیاللہعلیہوآلہ سے وصال کی وہ بشارت جس نے آپ سلاماللہعلیہا کو آخری سانسوں میں اپنے دل کے اسرار اور غریبانہ وداع کی کیفیت اپنے وفادار شوہر امیرالمومین علیہالسلام کے سامنے بیان کرنے پر آمادہ کیا۔
امام جعفر صادق علیہالسلام نے فرمایا:
جب رسول خدا صلیاللہعلیہوآلہ اس دنیا سے رخصت ہوئے تو ثقلین، یعنی اپنی عترت اور اہل بیت کے سوا کوئی اور چیز یادگار کے طور پر باقی نہیں چھوڑی۔
آپ صلیاللہعلیہوآلہ نے آخری لمحات میں آہستہ سے حضرت فاطمہ زہرا سلاماللہعلیہا سے فرمایا:
میرے اہلبیت علیہمالسلام میں سب سے پہلے آپ سلاماللہعلیہا ہی مجھ سے آ ملنے والی ہیں۔
حضرت زہرائے مرضیہ سلاماللہعلیہا فرماتی ہیں:
میرے والد بزرگوار صلیاللہعلیہوآلہ کی رحلت کے چند روز بعد، میں خواب و بیداری کی کیفیت میں تھی کہ خواب میں اپنے والد کو دیکھا۔
جب میں نے انہیں دیکھا تو خود پر قابو نہ رکھ سکی اور عرض کیا: بابا جان! وحی اور آسمانی خبریں ہم سے منقطع ہوگئی ہیں۔
اسی لمحے جب میں یہ بات کہہ رہی تھی، اچانک دیکھا کہ فرشتوں کی کئی صفیں میرے پاس آئیں۔ ان کے آگے آگے دو فرشتے تھے۔ انہوں نے مجھے تھاما اور آسمان کی طرف لے گئے۔ جب میں نے سر اٹھایا تو اپنے سامنے شاندار محلات، باغات اور بے شمار نہریں دیکھیں۔ ہر محل کے پیچھے ایک اور محل تھا۔ ہر باغ کے بعد ایک اور باغ نظر آتا تھا۔ اچانک دیکھا کہ ان محلات کے درمیان سے کچھ لڑکیاں میری طرف آ رہی ہیں۔ وہ خوشی اور جوش و ولولہ کے ساتھ ایک دوسرے کو بشارت دے رہی تھیں۔
مسکراتے ہوئے مجھے دیکھتی تھیں اور کہتی تھیں:
خوش آمدید ہے اس ذات کو جس کے لیے جنت خلق کی گئی ہے اور ہم بھی اسی کے والد، یعنی پیغمبر اکرم صلیاللہعلیہوآلہ کی خاطر پیدا کی گئی ہیں! فرشتے مسلسل مجھے اوپر لے جا رہے تھے۔
وہ مجھے ایک ایسے گھر میں لے گئے جس میں خود بہت سے محل تھے۔ ہر محل میں ایسے گھر تھے جنہیں کسی انسان کی آنکھ نے کبھی نہیں دیکھا تھا۔ وہاں تختوں پر سندس اور استبرق (قیمتی ریشم) کی چادریں بچھی ہوئی تھیں اور ان تختوں پر رنگ برنگے ریشمی لحاف اور دیبا کی مختلف اقسام کی چادریں تھیں، وہاں سونے اور چاندی کے برتن اور مختلف اقسام کے رنگ برنگے کھانوں سے بھرے دسترخوان بھی نظر آ رہے تھے۔
اس جنت میں ایک نہر بہہ رہی تھی جو دودھ سے زیادہ سفید اور مشک اذفر سے زیادہ خوشبودار تھی۔
میں نے پوچھا: یہ گھر کس کا ہے اور یہ نہر کون سی ہے؟
انہوں نے جواب دیا: یہ فردوس اعلیٰ ہے، جس سے اعلیٰ کوئی جنت نہیں۔ یہ گھر آپ سلاماللہعلیہا کے والد رسول خدا صلیاللہعلیہوآلہ کا، ان پیغمبروں کا جو ان کے ہمراہ ہیں اور اللہ کے محبوب بندوں کا ہے۔
میں نے پوچھا: یہ نہر کون سی ہے؟
انہوں نے کہا: یہ وہی کوثر ہے جس کا خداوند عالم نے آپ سلاماللہعلیہا کے والد بزرگوار صلیاللہعلیہوآلہ سے وعدہ کیا تھا۔
میں نے پوچھا: میرے والد کہاں ہیں؟
انہوں نے کہا: وہ ابھی آپ سلاماللہعلیہا کے پاس آتے ہیں۔
اسی دوران مجھے ایسے محلات دکھائی دیے جو پہلے محلات سے زیادہ سفید اور نورانی تھے اور ان کے فرش پہلے محلات کے فرشوں سے بہتر تھے۔ میں نے ایک ایسا فرش دیکھا جو ایک تخت پر بچھا ہوا تھا اور اس پر پہلے سے بھی زیادہ خوبصورت قالین تھے۔ آخرکار میں ایک ایسے تخت تک پہنچی جس پر میرے والد رسول خدا صلیاللہعلیہوآلہ تشریف فرما تھے اور کچھ لوگ بھی آپ صلیاللہعلیہوآلہ کی خدمت میں حاضر تھے۔ جیسے ہی میرے والد صلیاللہعلیہوآلہ نے مجھے دیکھا، مجھے گلے لگا لیا۔
میری دونوں آنکھوں کے درمیان بوسہ دیا اور فرمایا: خوش آمدید، میری بیٹی!
پھر مجھے اپنے پاس بٹھایا اور فرمایا:
اے میری لخت جگر! کیا آپ سلاماللہعلیہا دیکھ رہی ہیں کہ خدا نے آپ سلاماللہعلیہا کے لیے کیا نعمتیں تیار کی ہیں اور آپ سلاماللہعلیہا کس نعمتوں سے بھرپور، شاندار مقام میں داخل ہونے والی ہیں؟
پھر آپ صلیاللہعلیہوآلہ نے مجھے نورانی محلات دکھائے جو زیورات اور رنگ برنگے لباسوں سے بھرے ہوئے تھے اور فرمایا:
یہ آپ سلاماللہعلیہا کا، آپ سلاماللہعلیہا کے شوہر، آپ سلاماللہعلیہا کے دونوں فرزندوں اور آپ سلاماللہعلیہا کے چاہنے والوں کا مسکن ہے۔ خوش ہو جائیے کہ چند روز بعد آپ سلاماللہعلیہا مجھ سے آ ملیں گی۔
اس ملاقات کے بعد میرا دل تیزی سے دھڑکنے لگا اور میرا پورا وجود ناقابل بیان اشتیاق سے بھر گیا۔ نیز اس واقعے کی عظمت سے خوف زدہ ہو کر میری آنکھ کھل گئی۔
حضرت فاطمہ زہرا سلاماللہعلیہا کی وصیتیں
حضرت زہرا سلاماللہعلیہا نے زندگی کے آخری لمحات میں فرشتوں کے ساتھ ایک ملکوتی گفتگو کے دوران اپنے وداع کے اسرار صرف امیرالمومین علیہالسلام سے بیان فرمائے۔ یہ روایت اس لمحے کی تفصیل ہے جب جناب سیدہ سلاماللہعلیہا سکون کے ساتھ اپنے پروردگار سے جا ملیں۔
امام جعفر صادق علیہالسلام فرماتے ہیں:
امیرالمومین علیہالسلام نے نقل کیا: جب فاطمہ زہرا سلاماللہعلیہا خواب سے بیدار ہوئیں تو مجھے آواز دی۔
میں ان کے پاس گیا اور پوچھا: کیا ہوا ہے؟
انہوں نے اپنے خواب کا واقعہ مجھے سنایا اور مجھ سے عہد لیا کہ جب وہ دنیا سے رخصت ہوں تو ام سلمہ (رسول خدا صلیاللہعلیہوآلہ کی زوجہ)، ام ایمن، فضہ اور مردوں میں اپنے دو فرزندوں، عبداللہ بن عباس، سلمان فارسی، عمار بن یاسر، مقداد، ابوذر اور حذیفہ کے سوا کسی اور کو خبر نہ دوں۔
فاطمہ زہرا سلاماللہعلیہا نے مجھ سے فرمایا:
میں آپ علیہالسلام کو اجازت دیتی ہوں کہ میری وفات کے بعد آپ علیہالسلام میرے جسد کو دیکھیں، مذکورہ خواتین کی مدد سے مجھے غسل دیجئے گا اور رات کے وقت مجھے دفن کیجئے گا نیز کسی کو میری قبر کی جگہ نہ بتائیے گا۔
جب وہ موعود رات آ پہنچی اور خداوند رؤوف نے فاطمہ زہرا سلاماللہعلیہا کو اس اعزاز سے نوازا کہ ان کی روح قبض کرے۔
تو میں نے سنا کہ وہ فرما رہی تھیں: وعلیکم السلام!
پھر مجھ سے مخاطب ہو کر فرمایا: اے ابن عم! یہ جبرئیل ہیں جو مجھے سلام کر رہے ہیں اور کہتے ہیں:
یہ خدا کے حبیب کی حبیبہ اور ان کی لخت جگر ہیں؛ خداوند عالم نے آپ سلاماللہعلیہا کو سلام کہا ہے اور فرمایا ہے کہ آج آپ سلاماللہعلیہا جنت المأویٰ میں داخل ہوں گی، انہوں نے مجھے یہ بشارت دی اور چلے گئے۔
امیرالمومین علیہالسلام مزید فرماتے ہیں:
دوسری مرتبہ میں نے سنا کہ حضرت زہرا سلاماللہعلیہا فرما رہی ہیں: وعلیکم السلام!
پھر فرمایا: اے ابن عم! یہ میکائیل ہیں جو جبرئیل علیہالسلام کی طرح مجھے بشارت دے رہے ہیں۔
تیسری مرتبہ حضرت فاطمہ سلاماللہعلیہا نے فرمایا: وعلیکم السلام!
پھر اپنی آنکھیں پوری قوت سے کھولیں اور مجھ سے فرمایا:
اے ابن عم! خدا کی قسم، یہ حق ہے۔ یہ عزرائیل ہیں جنہوں نے اپنے پر مشرق و مغرب میں پھیلا رکھے ہیں۔ میرے والد صلیاللہعلیہوآلہ نے مجھے ان کے اوصاف بتائے تھے۔
پھر ہم نے سنا کہ حضرت زہرا سلاماللہعلیہا فرما رہی تھیں: وعلیکم السلام اے روحوں کو قبض کرنے والے! جلد میری روح قبض کر لو تاکہ اب کوئی تکلیف باقی نہ رہے۔
اس کے بعد ہم نے سنا کہ آپ سلاماللہعلیہا فرما رہی تھیں: اے میرے رب! میں تیری جانب آ رہی ہوں، آگ کی طرف نہیں!
پھر آپ سلاماللہعلیہا نے اپنی آنکھیں بند کر لیں اور اپنے ہاتھ پیر پھیلا دیے؛ گویا فاطمہ کبھی زندہ ہی نہ رہی ہوں۔[۲]
مآخذ
[۱] بحار الانوار، جلد، صفحہ ۱۵۷
[۲] بحار الانوار، جلد ۴۳، صفحہ ۲۰۷