حرم مقدس امیرالمومنین علیہ السلام نے شعبۂ میڈیا کی نمائندگی میں، اس شعبے سے وابستہ شعبۂ فنّی پروڈکشن کے تعاون سے سیریل کی تیاری میں حصہ لینے والے افراد کی پذیرائی کی۔ بصرہ سے آنے والے اس وفد کو اس عظیم ڈرامائی تخلیق کی تیاری اور تکمیل میں ان کی گراں قدر کاوشوں کے اعتراف میں خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
میزبانی اور تجلیل
شعبۂ میڈیا کے انتظامی معاون جعفر البدیری نے کہا:
"یہ میزبانی حرم مقدس امیرالمومنین علیہ السلام کی انتظامیہ کی جانب سے دی گئی کریمانہ دعوت پر منعقد ہوئی۔ اس میں فائن آرٹس کالج کے اساتذہ و طلبہ کے علاوہ ان فنکاروں، مصنف، ہدایت کار اور پروڈکشن ٹیم کے ارکان نے شرکت کی، جنہوں نے اس سیریل کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا”
انہوں نے مزید کہا:
"تقریبِ تجلیل شعبۂ میڈیا کے سربراہ حیدر رحیم اور اس شعبے کے متعدد ذمہ داران، اعلیٰ عہدیداران اور انتظامی اہلکاروں کی موجودگی میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر مہمان وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا گیا اور سیریل کے عوامل کو تبرکی تحائف اور خصوصی اعزازات پیش کیے گئے”
میڈیا کے مختلف شعبوں کا دورہ
البدیری نے بتایا کہ اس پروگرام کے دوران حرم مقدس امیرالمومنین علیہ السلام کی لائبریری اور سیٹلائٹ چینل کے کنٹرول روم کا بھی دورہ کرایا گیا۔ اس کے علاوہ حرم کے اہم شعبوں اور مراکز سے آگاہی کے لیے ایک خصوصی دورے کا بھی اہتمام کیا گیا۔
انہوں نے وضاحت کی:
"اس دورے کے دوران شرکاء نے بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا اور حرم مقدس امیرالمومنین علیہ السلام کی جانب سے بامقصد سینمائی اور ڈرامائی منصوبوں کی حمایت کو سراہا۔ بالخصوص ایسے فنّی آثار کی حوصلہ افزائی قابلِ تحسین ہے، جو حسینی ورثے کی تجدید اور اس کے مختلف پہلوؤں کو ثقافتی حافظے میں محفوظ و جاوداں بنانے میں کردار ادا کرتے ہیں”
مستقبل کے لیے نئی تجاویز
اس فنّی تخلیق کے عوامل نے اس ملاقات کے دوران مستقبل میں ڈرامائی اور فنّی آثار کی ترقی کے لیے متعدد تجاویز اور نئے خیالات بھی پیش کیے۔ انہوں نے حرم مقدس امیرالمومنین علیہ السلام اور جامعات و فنّی مراکز کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر زور دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کا تعاون ایسے فنّی آثار کی تیاری میں معاون ثابت ہو سکتا ہے، جو حسینی ورثے کی مؤثر عکاسی کریں اور اسے جدید فنّی اسلوب کے ذریعے نئی نسل اور وسیع تر ناظرین تک پہنچائیں۔
قابلِ ذکر ہے کہ حرم مقدس امیرالمومنین علیہ السلام کا شعبۂ میڈیا ایک تاریخی ڈرامہ سیریل کی تیاری کے منصوبے پر بھی کام کر رہا ہے۔ اس سیریل میں عراق کے سابق نظام کے دور میں شیعیانِ اہل بیت علیہم السلام کو درپیش مصائب و مشکلات اور تمام تر ظلم و جبر کے باوجود حسینی تحریک کی جاوداں راہ کو زندہ رکھنے کے لیے ان کی ثابت قدمی کو پیش کیا جائے گا۔











