حرم مقدس امیرالمومنین علیہ السلام کی جانب سے نجف اشرف کے اسپتالوں میں نومولود بچوں کی پذیرائی
شعبۂ تعلقاتِ داخلیہ کے سربراہ خادم کرار الموسوی نے نیوز سینٹر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا:
’’بین الاقوامی ہفتۂ صادقین کی تقریبات کے ضمن میں حرم مقدس امیرالمومنین علیہ السلام نے نومولود بچوں اور ان کے اہلِ خانہ کی خوشیوں میں شریک ہوتے ہوئے انہیں مولا امیرالمومنین علیہ السلام کی جانب سے تبرکات اور تحائف پیش کیے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا:
’’اس اقدام کے تحت نجف اشرف کے مرکزی شہر میں واقع متعدد اسپتالوں کا دورہ کیا گیا، جہاں حرم مقدس امیرالمومنین علیہ السلام کے وفد نے مختلف وارڈز اور شعبوں میں جا کر ان خاندانوں سے ملاقات کی جنہیں حال ہی میں اولاد کی نعمت حاصل ہوئی تھی اور ان کی خوشی میں شریک ہوئے۔ اس پروگرام میں شعبۂ امورِ دینیہ، ٹرانسپورٹ کا شعبہ اور شعبۂ اطلاعات نے بھی تعاون کیا۔‘‘
واضح رہے کہ یہ اقدام بین الاقوامی ہفتۂ صادقین کی تقریبات کا حصہ ہے، جس کا اہتمام حرم مقدس امیرالمومنین علیہ السلام مسلسل پانچویں سال کر رہا ہے۔ اس ہفتے میں مختلف دینی، ثقافتی اور سماجی پروگرام شامل ہیں۔










