عراقی وزیرِ اعظم کے دفتر میں اعلیٰ کمیٹی برائے ملینی زیارات خدمات کے سربراہ ڈاکٹر علی رزوقی نے حرم مقدس اميرالمومنين علیہالسلام کے شعبۂ میڈیا کا دورہ کیا، تاکہ اس شعبے کی فنی و تکنیکی صلاحیتوں اور رسولِ اعظم حضرت محمد مصطفیٰ (صلیاللہعلیہوآلہ) کی شہادت کی مناسبت سے منعقدہ مراسم کی میڈیا کوریج کے لیے کی جانے والی کوششوں سے آگاہی حاصل کر سکیں۔
اس ملاقات کے دوران حرم مقدس اميرالمومنين علیہالسلام اور سرکاری اداروں کے درمیان فنی و میڈیا تعاون کے امکانات پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
میڈیاشعبے کا دورہ
یہ دورہ حرم مقدس اميرالمومنين علیہالسلام کے مختلف شعبہ جات کے معائنے اور اس مناسبت سے زائرین کو فراہم کی جانے والی اہم خدمات سے واقفیت حاصل کرنے کے لیے ترتیب دیے گئے پروگرام کے تحت انجام دیا گیا۔دورے کے دوران حرم مقدس اميرالمومنين علیہالسلام کے شعبۂ میڈیا کے سربراہ حیدر رحیم نے مہمان وفد کا استقبال کیا اور شعبے کی میڈیا سرگرمیوں، مختلف پروگراموں اور واقعات کی کوریج میں اس کے کردار، نیز زائرین کے لیے حرم مقدس اميرالمومنين علیہالسلام کی جانب سے فراہم کی جانے والی خدمات اور منصوبوں کی جامع عکاسی کے حوالے سے تفصیلی وضاحت پیش کی۔
فنی اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون
حیدر رحیم نے حرم مقدس اميرالمومنين علیہالسلام کے خبر رساں مرکز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا:”یہ شعبہ جدید ٹیکنالوجی اور جدید سافٹ ویئر نظاموں کے استعمال کے میدان میں ہمارے ساتھ مشترکہ اہداف رکھنے والے سرکاری اداروں کے ساتھ روابط اور تعاون کو وسعت دینے پر زور دیتا ہے۔”
انہوں نے مزید کہا:”حرم مقدس اميرالمومنين علیہالسلام فنی اور میڈیا کے شعبوں میں مشترکہ تعاون اور شراکت داری کے دائرے کو بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے، تاکہ سرکاری ادارے شعبۂ میڈیا کی صلاحیتوں اور ان ماہر افراد سے واقف ہو سکیں جو مختلف تخصصی نظاموں اور ٹیکنالوجیز کے میدان میں مہارت رکھتے ہیں۔”
مستقبل میں تعاون کے امکانات
انہوں نے مستقبل میں متعلقہ اداروں کے درمیان باہمی دوروں کے انعقاد کا بھی ذکر کیا، تاکہ حرم مقدس اميرالمومنين علیہالسلام کے سیٹلائٹ چینل، میڈیا روابط، مواد کی نشرو اشاعت اور دیگر فنی و ابلاغی شعبوں میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا جا سکے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ان اقدامات کا مقصد حرم مقدس اميرالمومنين علیہالسلام کی جانب سے مخاطبین تک پہنچائے جانے والے مؤثر اور بامقصد میڈیا پیغام کے معیار کو مزید بلند کرنا ہے۔خصوصی مراکزعراق کے وزیرِ اعظم کے دفتر میں اعلیٰ کمیٹی برائے خدماتِ زیارات کے سربراہ ڈاکٹر علی رزوقی اللامی نے خبر رساں مرکز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا:
"وزیرِ اعظم کا دفتر حرم مقدس اميرالمومنين علیہالسلام کے سیٹلائٹ چینل کے ساتھ روابط اور تعاون کو مضبوط بنانے پر زور دیتا ہے، اور اسی سلسلے میں اس چینل کو دفتر کے نئے قائم ہونے والے مراکز، جن میں ڈیجیٹل تبدیلی، سائبر سیکیورٹی اور مصنوعی ذہانت کے مراکز شامل ہیں، سے مربوط کرنے کے منصوبے پر کام جاری ہے۔”انہوں نے مزید کہا:
"یہ تعاون تجربات کے تبادلے، فنی و میڈیا صلاحیتوں کی ترقی اور مشترکہ سرگرمیوں کو مضبوط بنانے کے لیے مؤثر ثابت ہو سکتا ہے۔”
قابلِ ذکر ہے کہ یہ دورہ ایسے وقت میں انجام پایا ہے جب حرم مقدس اميرالمومنين علیہالسلام ملینی زیارات، بالخصوص زیارتِ اربعین اور رسولِ اکرم (صلیاللہعلیہوآلہ) کی شہادت کی مناسبت سے منعقدہ مراسم کی وسیع میڈیا کوریج کے لیے بڑے پیمانے پر سرگرمیاں انجام دے رہا ہے۔ یہ اقدامات سرکاری اداروں اور حرم مقدس اميرالمومنين علیہالسلام کے درمیان ٹیکنالوجی اور میڈیا کے شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنے کا سبب بن رہے ہیں۔








