سب سے زیادہ تلاش کیا گیا:

پیغمبر اکرم (صلی‌اللہ‌علیہ‌وآلہ) کی شہادت کی مناسبت سے مواکب اور خدمت گزاروں کے نام متولی حرم مقدس اميرالمومنين علیہ‌السلام کا پیغامِ تشکر

حرم مقدس اميرالمومنين علیہ‌السلام کے متولی نے ایک پیغام جاری کرتے ہوئے زائرین و عزاداران، عزاداری اور خدمت رسانی کرنے والے حسینی مواکب، اہلِ نجفِ اشرف اور تمام سرکاری، سیکیورٹی اور خدماتی اداروں کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے رسولِ خاتم حضرت محمد مصطفیٰ (صلی‌اللہ‌علیہ‌وآلہ) کی شہادت کی مناسبت سے منعقدہ مراسم میں شرکت اور تعاون کیا۔

حرم مقدس اميرالمومنين علیہ‌السلام کے متولی سید عیسیٰ الخرسان نے رسولِ اعظم (صلی‌اللہ‌علیہ‌وآلہ) کی شہادت کی مناسبت سے منعقدہ مراسم کے اختتام پر ایک پیغام جاری کرتے ہوئے تمام عزاداران و زائرین، حسینی عزاداری اور خدمت رسانی کرنے والے مواکب، اہلِ نجفِ اشرف اور تمام سرکاری، سیکیورٹی اور خدماتی اداروں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور رسولِ اکرم (صلی‌اللہ‌علیہ‌وآلہ) اور امیرالمؤمنین حضرت علی (علیہ‌السلام) کے مقامِ عظیم کی تعظیم و زیارت کے شایانِ شان مراسم کے انعقاد میں ان کی گراں قدر کوششوں کو سراہا۔

یہ پیغام حرم مقدس اميرالمومنين علیہ‌السلام کی مجلسِ انتظامیہ کے رکن اور ملینی زیارات کے انتظامی مرکز کے نگران خادم حیدر العیساوی نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں اور خبر رساں اداروں کی موجودگی میں حرم مقدس اميرالمومنين علیہ‌السلام کے مہمان خانے میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران پڑھ کر سنایا۔

بیان کا متن درج ذیل ہے:

بسم اللہ الرحمن الرحیم”مَا كَانَ مُحَمَّدٌ أَبَا أَحَدٍ مِّن رِّجَالِكُمْ وَلَٰكِن رَّسُولَ اللَّهِ وَخَاتَمَ النَّبِيِّينَ”

"محمد (صلی‌اللہ‌علیہ‌وآلہ) تمہارے مردوں میں سے کسی کے باپ نہیں ہیں، بلکہ وہ اللہ کے رسول اور خاتم النبیین ہیں۔”

تمام حمد و ثنا اس اللہ کے لیے ہے جس کی نعمتیں شمار سے باہر اور جس کے الطاف کا احاطہ ممکن نہیں۔ تعریف کرنے والے اس کی حقیقی عظمت کو نہیں پا سکتے اور صاحبانِ فکر اس کے کمال کی انتہا تک نہیں پہنچ سکتے۔ وہ ذات جو عظمت و کبریائی میں یکتا ہے اور ہر مثل و مانند سے پاک و منزہ ہے؛ وہی ذات جس کی نشانیاں اس کے وجود پر گواہ ہیں، اس کی مخلوقات اس کی وحدانیت کی شہادت دیتی ہیں اور آسمان و زمین اس کی حکمت کے ذریعے قائم ہیں۔

ہم درود و سلام پیش کرتے ہیں انبیاء کے سردار اور رسولوں کے خاتم حضرت محمد مصطفیٰ (صلی‌اللہ‌علیہ‌وآلہ) پر، جنہیں تمام جہانوں کے لیے رحمت بنا کر مبعوث کیا گیا؛ اور ان کے پاک و مطہر اہلِ بیت (علیہم‌السلام) پر، جو ہدایت کے چراغ، نجات کی کشتیاں، وحی کے امین اور اللہ کی جانب سے بندوں پر حجت ہیں۔ ایسا مسلسل اور بڑھتا ہوا سلام جو رات اور دن کے آنے جانے تک جاری رہے اور جب تک اللہ کی تقدیر اس کی بادشاہی میں نافذ ہے۔

خصوصاً اپنے مولا حضرت حجت بن الحسن (عجل‌اللہ‌تعالیٰ فرجہ الشریف) پر درود و سلام بھیجتے ہیں۔

اس کے بعد ہم اپنے مولا و آقا امیرالمؤمنین علی مرتضیٰ (علیہ‌السلام) کی بارگاہ میں سلام و تعزیت پیش کرتے ہیں، کیونکہ آپ ہی اس عظیم مصیبت کے وارث اور اس سوگ کے صاحب ہیں۔

اما بعد:

اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم اور اس مقدس بارگاہ کے صاحب کی برکت سے، رسولِ خدا (صلی‌اللہ‌علیہ‌وآلہ) کی شہادت کی مناسبت سے زیارت کے لیے آنے والے زائرین اور عزاداران کی تعداد، حرم مقدس اميرالمومنين علیہ‌السلام کے مرکزِ اطلاعاتی ٹیکنالوجی میں الیکٹرانک شمار کے نظام کے ذریعے درج شدہ اعداد و شمار کے مطابق تقریباً پانچ ملین زائرین و عزاداران تک پہنچ گئی۔

حرم مقدس اميرالمومنين علیہ‌السلام کے خادمین، حضرت صاحب الامر (ارواحنا لتراب مقدمه الفداء)، مراجعِ عظامِ تقلید اور دنیا بھر کے تمام مؤمنین و مؤمنات کی خدمت میں رسولِ اکرم حضرت محمد (صلی‌اللہ‌علیہ‌وآلہ‌وسلم) کی شہادت کے موقع پر تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہیں۔

اسی طرح حرم مقدس اميرالمومنين علیہ‌السلام کے خادمین تمام معزز زائرین کا دلی شکریہ ادا کرتے ہیں جو رسولِ خدا (صلی‌اللہ‌علیہ‌وآلہ) کے بھائی امیرالمؤمنین حضرت علی (علیہ‌السلام) کے حرم میں حاضر ہوئے۔ نیز حسینی عزاداری اور خدمت رسانی کرنے والے مواکب، نجفِ اشرف کے معزز عوام، تمام سرکاری و غیر سرکاری اداروں، سیکیورٹی فورسز اور ان کے تمام شعبہ جات کا ان کی گراں قدر خدمات اور ان کوششوں پر شکریہ ادا کرتے ہیں جو انہوں نے اس مقدس بارگاہ اور اس عظیم مصیبت کے صاحب کی شان کے مطابق مراسمِ زیارت کے انعقاد کے لیے انجام دیں۔

حرم مقدس اميرالمومنين علیہ‌السلام کے متولی نے آخر میں رسولِ اکرم (صلی‌اللہ‌علیہ‌وآلہ) کی شہادت کی عظیم مصیبت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اسے امتِ مسلمہ کے لیے ایک عظیم سانحہ قرار دیا اور اپنے پیغام کا اختتام اس آیتِ کریمہ کے ساتھ کیا:

"إِنّا لِلّهِ وَإِنّا إِلَیْهِ رَاجِعُونَ”"اے ہمارے دلوں کے محبوب!

آپ کی جدائی کی مصیبت میں ہم مبتلا ہو گئے۔

آپ کا فراق کتنی بڑی مصیبت ہے، کیونکہ وحی کا سلسلہ منقطع ہو گیا اور ہم آپ سے محروم ہو گئے۔ پس ہم اللہ ہی کے ہیں اور اسی کی طرف لوٹ کر جانے والے ہیں۔”

خادمِ حرم:سید عیسیٰ محمدصالح الخرسان
تولی حرم مقدس اميرالمومنين علیہ‌السلام

مزید مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے