پانی کی تیاری کے یونٹ کے ذمہ دار خادم انجینئر فاضل طباطبائی نے مرکزِ خبر سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا:
’’یونٹ روزانہ ۳۰ لاکھ لیٹر سے زائد صاف پینے کا پانی (RO) اور تقریباً ۶۰ لاکھ لیٹر خام پانی تیار کر رہا ہے۔ ضرورت پڑنے پر پانی کی پیداوار میں مزید اضافہ بھی کیا جا سکتا ہے تاکہ ایامِ زیارت میں زائرین اور حسینی مواکب کی ضروریات بلا تعطل پوری ہوتی رہیں۔‘‘
انہوں نے مزید بتایا:
’’حرم مقدس کے اطراف مختلف علاقوں میں حوضیوں کو پانی فراہم کرنے کے لیے ۱۴ مقامات مختص کیے گئے ہیں، جبکہ صحت و صفائی کے مراکز کو بھی مسلسل پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ ۵۰ لاکھ لیٹر سے زائد پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش رکھنے والے خصوصی ٹینک بھی موجود ہیں، جن میں پانی ہنگامی حالات کے لیے محفوظ رکھا جاتا ہے۔‘‘
حرم مقدس اميرالمومنين (عليہالسلام) کی جانب سے کیے جانے والے یہ اقدامات اس جامع خدمت رسانی منصوبے کا حصہ ہیں جس کے تحت امیرالمؤمنین امام علی (علیہالسلام) کے روضۂ مبارک کی زیارت کے لیے نجف اشرف آنے والے لاکھوں زائرین کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔




