اس موقع پر مجلسِ انتظامیہ کے رکن خادم حیدر العیساوی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے زائرین کی نقل و حمل، ٹرانسپورٹ کے انتظامات اور دیگر خدمات کا معائنہ کیا، جبکہ مختلف شعبوں کے ذمہ داران سے ملاقات کر کے منصوبے پر عمل درآمد اور انتظامی اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ حاصل کی۔
اپنے دورے کے دوران سیکرٹری جنرل نے ہدایت کی کہ اربعین کے آخری زائر کی واپسی تک تمام خدمات پوری ذمہ داری کے ساتھ جاری رکھی جائیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ زائرین کو سفر کے دوران ہر ممکن سہولت، آرام اور تحفظ فراہم کیا جائے تاکہ واپسی کا مرحلہ بھی اسی نظم و ضبط کے ساتھ مکمل ہو۔
واضح رہے کہ حرم مقدس اميرالمومنين عليہ السلام نے زائرین کی واپسی کے لیے بڑی اور چھوٹی بسوں کا خصوصی بیڑا مختص کیا ہے، جو حیدریہ (خان النصف) سے نجف کے جنوبی بس ٹرمینل تک زائرین کو منتقل کر رہا ہے۔ اس کے ساتھ آرام گاہیں، کھانے، ٹھنڈا پینے کا پانی اور طبی سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔







