مجلسِ انتظامیہ کے رکن، خادم حیدر العیساوی نے بتایا کہ زائرین کی واپسی کے انتظامات کا اہم مرحلہ نجف اور کربلا کے درمیان حیدریہ کے مقام پر انجام دیا جا رہا ہے، جہاں خدماتی مواکب، نماز کی جگہ اور دیگر ضروری سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں۔ اسی طرح نجف کے جنوبی بس ٹرمینل پر بھی زائرین کی آسان نقل و حرکت کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
شعبۂ ٹرانسپورٹ کے انچارج، خادم صباح الطرفی نے بتایا کہ ماہِ صفر کی سترہ تاریخ کی صبح سے اس منصوبے پر عمل شروع کر دیا گیا۔ اس کے تحت ۲۰۰ بسیں ستون ۶۶۰ کے قریب واقع پارکنگ سے زائرین کو نجف کے جنوبی بس ٹرمینل تک منتقل کر رہی ہیں، تاکہ کربلا سے واپس آنے والے زائرین اپنی منزل کی طرف آسانی سے روانہ ہو سکیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس کے علاوہ ۲۵ گاڑیاں نجفِ اشرف کے داخلی راستوں سے زائرین کو حرم مقدس اميرالمومنين عليہ السلام تک مفت پہنچا رہی ہیں، جس سے زائرین کی آمدورفت میں سہولت اور شہر کے داخلی راستوں پر رش میں نمایاں کمی آئی ہے۔
یہ اقدامات حرم مقدس اميرالمومنين عليہ السلام کے اس جامع خدمت منصوبے کا حصہ ہیں، جس کا مقصد اربعین کے لاکھوں زائرین کو محفوظ، آرام دہ اور منظم سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔
















