حرم مقدس اميرالمومنين عليہ السلام اربعینِ امام حسین علیہ السلام کے لیے اپنے خدماتی منصوبے کے تحت زائرین کی آمد و رفت کو آسان بنانے کے لیے ایک جامع ٹرانسپورٹ نظام چلا رہا ہے، تاکہ مرقدِ اميرالمومنين عليہ السلام پر حاضری کے بعد کربلائے مقدس کی جانب ان کے سفر کو مزید سہولت اور نظم کے ساتھ جاری رکھا جا سکے۔
شعبۂ نقل و حمل کے ذمہ دار، خادم صباح الطرفی نے نیوز سینٹر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا:
"شعبۂ ٹرانسپورٹ نے اربعین کے لیے اپنی خصوصی منصوبہ بندی پر عمل شروع کر دیا ہے، جس کے تحت مختلف اہم راستوں پر زائرین کے لیے مفت سفری سہولت فراہم کرنے کے لیے گاڑیوں کا ایک مکمل بیڑا مختص کیا گیا ہے۔”
انہوں نے مزید بتایا:
"منصوبے کے مطابق پرانے شہر کے داخلی راستوں سے حرم مقدس اميرالمومنين عليہ السلام تک اور وہاں سے واپس زائرین کے لیے مفت ٹرانسپورٹ فراہم کی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ برقی سیڑھیوں پر رش کم کرنے کے لیے کم از کم 9 گاڑیاں بھی مختص کی گئی ہیں، تاکہ زائرین کی آمد و رفت آسانی سے جاری رہے۔”
صباح الطرفی نے کہا:
"حرم مقدس اميرالمومنين عليہ السلام نے زائرین کی سہولت کے لیے ٢٠٠ سے زائد ایئرکنڈیشنڈ گاڑیاں فراہم کی ہیں، جو کربلا۔نجف روڈ پر ستون نمبر ٦٦٠ سے زائرین کو جنوبی پارکنگ تک مفت پہنچا رہی ہیں۔ یہ گاڑیاں واپسی کے سفری انتظامات میں بھی حصہ لے رہی ہیں، تاکہ زائرین کی نقل و حرکت منظم رہے اور انہیں بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔”
یہ تمام اقدامات حرم مقدس اميرالمومنين عليہ السلام کے جامع خدماتی منصوبے کا حصہ ہیں، جس کے تحت اربعینِ امام حسین علیہ السلام کے لاکھوں زائرین کی خدمت کے لیے تمام شعبے بھرپور انداز میں مصروفِ عمل ہیں۔




