سب سے زیادہ تلاش کیا گیا:

حرم مقدس اميرالمومنين عليہ السلام کا مرکزِ انفارمیشن ٹیکنالوجی اربعینِ حسینی کے زائرین کے لیے جدید تکنیکی اور حفاظتی خدمات فراہم کر رہا ہے

اربعینِ امام حسین علیہ السلام کے موقع پر حرم مقدس اميرالمومنين عليہ السلام کے مرکزِ انفارمیشن ٹیکنالوجی نے اپنی خصوصی تکنیکی منصوبہ بندی پر عمل درآمد شروع کر دیا ہے، جس کا مقصد زائرین کو جدید الیکٹرانک سہولیات فراہم کرنا، ان کی آمد و رفت کو منظم بنانا، اور سکیورٹی و انتظامی امور کو مؤثر انداز میں انجام دینا ہے۔

مرکز کے معاون سربراہ، خادم محمد کشکول نے نیوز سینٹر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا:

"منصوبے کے تحت حرم مقدس اميرالمومنين عليہ السلام کے اطراف میں ۸۰ مقامات پر مفت انٹرنیٹ سروس فراہم کی گئی ہے، جس سے ایک ہی وقت میں تقریباً ۵ ہزار زائرین مستفید ہو سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ ستون نمبر ۹۶ پر موبائل فون کی مرمت کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے، جبکہ اندرونِ ملک اور بین الاقوامی مفت کال کی سہولت بھی زائرین کے لیے مہیا کی گئی ہے۔”

انہوں نے مزید بتایا:

"مرکز نے زائرین کے تحفظ اور ہجوم کی نگرانی کے لیے ایک جدید نظام قائم کیا ہے، جس کے تحت صحنِ مطہر اور اس کے اطراف میں 5 ہزار سے زائد کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔ اسی طرح ہجوم کی منظم رہنمائی کے لیے قائم مرکزِ نَظْم کو لاجسٹک معاونت فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ حرم مقدس امام حسین عليہ السلام اور حرم مقدس حضرت عباس عليہ السلام کے تعاون سے گمشدہ زائرین کی رہنمائی کے لیے ایک مربوط الیکٹرانک نظام بھی فعال کیا گیا ہے۔”

محمد کشکول نے کہا:

"اس منصوبے میں صحنِ مطہر اور صحنِ حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کے اطراف جدید صوتی نظام کی تنصیب بھی شامل ہے، جس کے ذریعے عبادتی پروگرام نشر کیے جاتے ہیں، جبکہ اسی نظام کو گمشدہ زائرین کے اعلانات کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔”

واضح رہے کہ حرم مقدس اميرالمومنين عليہ السلام نے "وافد” کے نام سے ایک خصوصی موبائل ایپلی کیشن بھی متعارف کرائی ہے، جس کے ذریعے زائرین کو مختلف الیکٹرانک خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ دینی و ثقافتی شعور کو فروغ دینے کے لیے مذہبی مسابقات کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ یہ تمام اقدامات اربعینِ امام حسین علیہ السلام کے موقع پر مرقدِ اميرالمومنين عليہ السلام کے زائرین کی بہترین خدمت کے لیے مرتب کردہ جامع تکنیکی منصوبے کا حصہ ہیں۔

مزید مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے