سب سے زیادہ تلاش کیا گیا:

اعلیٰ نظم و ضبط کے ساتھ حرم مقدس اميرالمومنين عليہ السلام کا شعبۂ امورِ نسواں اربعینِ حسینی کے دوران زائرات کی آمد و رفت کا کامیاب انتظام جاری رکھے ہوئے ہے

اربعینِ امام حسین علیہ السلام کے موقع پر حرم مقدس اميرالمومنين عليہ السلام کا شعبۂ امورِ نسواں زائرات کی آمد و رفت کو منظم انداز میں جاری رکھنے کے لیے اپنے جامع انتظامی منصوبے پر کامیابی سے عمل پیرا ہے۔ اس منصوبے کے تحت داخلے اور خروج کے لیے مخصوص راستے مقرر کیے گئے ہیں، جس کے نتیجے میں زائرات کی نقل و حرکت میں نمایاں سہولت پیدا ہوئی ہے اور ان کی سلامتی کو یقینی بنایا گیا ہے۔

شعبے کی سربراہ، خادمہ رملہ الخزاعی نے نیوز سینٹر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا:

"شعبۂ امورِ نسواں نے زائرات کی آمد و رفت کے لیے منظم اور باقاعدہ راستوں کا تعین کیا ہے۔ یہ منصوبہ معاون اداروں کے تعاون اور حرم مقدس اميرالمومنين عليہ السلام کی جنرل سیکرٹریٹ کی مسلسل نگرانی میں نافذ کیا جا رہا ہے، تاکہ زائرات بآسانی حرمِ مطہر تک پہنچ سکیں، لاکھوں زائرین کے باعث پیدا ہونے والے ازدحام کو کم کیا جا سکے، اور رہنمائی و تنظیم کے لیے خصوصی تربیت یافتہ خواتین عملہ ہر وقت موجود رہے۔”

انہوں نے مزید کہا:

"اس منصوبے کے نتیجے میں حرمِ مطہر اور صحنِ حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا میں زائرات کی نقل و حرکت نہایت منظم رہی ہے۔ اسی طرح صحنِ حیدری شریف کی طرف جانے والی مرکزی شاہراہوں کے داخلی و خارجی راستوں پر بھی مؤثر انتظامات کیے گئے ہیں، جو شعبے کی تمام خادمات اور مختلف یونٹس کی شبانہ روز خدمات اور منظم کوششوں کی عکاسی کرتے ہیں۔”

واضح رہے کہ حرم مقدس اميرالمومنين عليہ السلام اپنے تمام شعبہ جات کی مشترکہ کاوشوں کے ذریعے ان لاکھوں زائرین کی خدمت میں مصروف ہے، جو کربلائے مقدس روانگی سے قبل مرقدِ اميرالمومنين عليہ السلام پر حاضری کو اپنی اربعینی زیارت کا اہم حصہ قرار دیتے ہیں۔

مزید مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے