سب سے زیادہ تلاش کیا گیا:

اربعینِ حسینی کی تیاریوں کے سلسلے میں حرمِ مقدسِ امیرالمؤمنین علیہ السلام کی جانب سے زائرین کے لیے جدید رہنما نقشہ جاری

اربعینِ حسینی کی تیاریوں کے سلسلے میں حرمِ مقدسِ امیرالمؤمنین علیہ السلام کے مرکزِ رہنمائیِ گمشدگان نے شعبۂ میڈیا کے تعاون سے حرمِ مقدسِ امیرالمؤمنین علیہ السلام اور شہرِ نجفِ اشرف کے لیے زائرین کا جدید اور اپ ڈیٹ شدہ رہنما نقشہ تیار کر لیا ہے۔ اس رہنما کا مقصد زائرین کی آمد و رفت کو آسان بنانا اور انہیں مذہبی مقامات اور اہم خدماتی مراکز تک واضح اور سہل رسائی فراہم کرنا ہے۔

مرکزِ رہنمائیِ گمشدگان کے ذمہ دار مصطفیٰ الفتلاوی نے نیوز سینٹر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا:

"اس رہنما میں دو بنیادی نقشے شامل ہیں۔ پہلا نقشہ حرمِ مقدسِ امیرالمؤمنین علیہ السلام کا ہے، جسے جدید تھری ڈی (3D) ٹیکنالوجی کے ذریعے تیار کیا گیا ہے۔ اس نقشے کی مدد سے زائرین عبادت گاہوں، خدماتی مراکز، مرکزی داخلی دروازوں اور ان تک پہنچنے کے راستوں کی آسانی سے نشاندہی کر سکیں گے۔ اس کے علاوہ مدینۃُ الامام الرضا علیہ السلام، وادی السلام قبرستان اور حرمِ مقدس کے اطراف موجود اہم خدماتی مراکز بھی اس نقشے میں واضح کیے گئے ہیں۔”

انہوں نے مزید بتایا:

"دوسرا نقشہ شہرِ نجفِ اشرف کے لیے مختص ہے، جس میں نجف اور کوفہ کے اہم مذہبی مقامات، ازجملہ مسجدِ حنانہ، مرقدِ کمیل بن زیاد، مرقدِ حضرت مسلم بن عقیل علیہ السلام، مسجدِ کوفہ اور مسجدِ سہلہ کی نشاندہی کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ زائرین کی ٹرانسپورٹ کے لیے مخصوص پارکنگ مقامات، اہم اسپتال، نجفِ اشرف کا بین الاقوامی ہوائی اڈہ اور حرمِ مقدسِ امیرالمؤمنین علیہ السلام کی طرف جانے والی مرکزی شاہراہیں اور راستے بھی نقشے میں درج کیے گئے ہیں۔”

مصطفیٰ الفتلاوی نے مزید کہا:

"مرکز اس وقت اربعینِ حسینی کے زائرین کے لیے ایک خصوصی رہنما بھی تیار کر رہا ہے، جس میں زیارتِ اربعین کے دوران حرمِ مقدسِ امیرالمؤمنین علیہ السلام کی جانب سے فراہم کی جانے والی تمام خدمات اور متعلقہ نقشے شامل ہوں گے۔ یہ رہنما نہ صرف مطبوعہ شکل میں زائرین میں تقسیم کیا جائے گا بلکہ حرمِ مقدسِ امیرالمؤمنین علیہ السلام کے سرکاری پلیٹ فارمز پر بھی شائع کیا جائے گا، جبکہ مرکزی شاہراہوں کے داخلی مقامات پر بڑے سائن بورڈز اور بینرز کی صورت میں بھی نصب کیا جائے گا تاکہ زائرین مختلف مقامات اور خدمات تک آسانی سے رسائی حاصل کر سکیں۔”

واضح رہے کہ حرمِ مقدسِ امیرالمؤمنین علیہ السلام اپنے تمام شعبہ جات کی مکمل استعداد کے ساتھ اربعینِ امام حسین علیہ السلام کے زائرین کی خدمت میں مصروف ہے، کیونکہ نجفِ اشرف میں واقع مرقدِ امیرالمؤمنین علیہ السلام لاکھوں زائرین کے لیے کربلائے مقدسہ کی جانب سفر سے قبل ایک اہم روحانی منزل کی حیثیت رکھتا ہے۔

مزید مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے