حرم مقدس امیرالمومنین علیہ السلام کے شعبۂ امورِ ہندسی و فنی سے وابستہ شعبۂ صنعت کے ذمہ دار، خادم مہند الزیادی نے نیوز سینٹر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا:
"شعبے کے عملے نے صحنِ مطہر علوی، صحنِ حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا اور متعدد اندرونی مقامات پر سایہ دار ڈھانچوں کی تنصیب کا آغاز کر دیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت مجموعی طور پر تقریباً ۳۰ ہزار مربع میٹر رقبے کو سایہ دار بنایا جائے گا۔”
انہوں نے مزید بتایا:
"اب تک منصوبے کا تقریباً ۵۰ فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، جبکہ باقی ماندہ حصوں پر بھی تیزی سے کام جاری ہے تاکہ اربعینِ حسینی کی آمد سے قبل تمام مقامات کو لاکھوں زائرین کے استقبال کے لیے مکمل طور پر تیار کیا جا سکے۔”
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ منصوبہ حرم مقدس امیرالمومنین علیہ السلام کی اس مسلسل کاوش کا حصہ ہے جس کا مقصد زائرین کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنا ہے۔ سایہ دار مقامات کی فراہمی سے نہ صرف سورج کی تیز شعاعوں اور گرمی کے اثرات میں کمی آئے گی بلکہ زائرین کو زیارت اور عبادات کی ادائیگی کے لیے ایک آرام دہ اور سازگار ماحول بھی میسر ہوگا۔
واضح رہے کہ حرم مقدس امیرالمومنین علیہ السلام اپنے تمام شعبہ جات کی مشترکہ کاوشوں کے ذریعے اربعینِ امام حسین علیہ السلام کے زائرین کی خدمت میں مصروف ہے، کیونکہ نجفِ اشرف میں واقع مرقدِ امیرالمومنین علیہ السلام لاکھوں زائرین کے لیے کربلائے مقدسہ کی جانب روانگی سے قبل ایک اہم روحانی منزل کی حیثیت رکھتا ہے۔








