حسینی موکب سپورٹ کمیٹی نے اربعینِ حسینی کے موقع پر خدمات سرانجام دینے والے موکبوں میں ضروری سامان کی تقسیم شروع کر دی ہے۔ اس منصوبے کے تحت پرانے نجف شہر (بافت قدیم) اور حرمِ مقدس امیرالمومنین علیہالسلام کے گردونواح میں قائم موکبوں میں راشن کے پیکٹ اور پینے کا پانی تقسیم کیا جا رہا ہے، تاکہ نجف اشرف میں لاکھوں اربعین زائرین کو فراہم کی جانے والی خدمات کو سہارا دیا جا سکے۔
حسینی موکب سپورٹ کمیٹی کے سربراہ احمد نجم الرکابی نے اس حوالے سے بتایا: "کمیٹی نے ۱۵۰۰ سے زائد حسینی موکبوں میں غذائی مواد کی تقسیم کے منصوبے پر عمل درآمد شروع کر دیا ہے۔ یہ موکب پرانے شہر کی طرف جانے والے راستوں اور حرمِ مقدس امیرالمومنین علیہالسلام کے اطراف میں قائم ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا: "ہر موکب کے لیے مختص کردہ کوٹے میں چاول، تیل، ٹماٹر کا پیسٹ اور دیگر اشیاءِ خورونوش شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ موکبوں کے لیے پینے کے پانی کی ضرورت کو بھی پورا کیا جا رہا ہے تاکہ اس ملین مارچ کے ایام میں زائرین کو بہترین خدمات فراہم کرنے کے لیے ان کی صلاحیتوں میں اضافہ کیا جا سکے۔”
حسینی موکب سپورٹ کمیٹی ایک فیلڈ پلان کے مطابق سامان کی تقسیم کے عمل کو اس طرح یقینی بنا رہی ہے کہ تمام متعلقہ موکب اس امداد سے مستفید ہو سکیں۔ یہ اقدام رضاکارانہ و خدماتی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور اربعینِ حسینی کی مراسم کو انتہائی شاندار طریقے سے منعقد کرنے میں مدد کے لیے اٹھایا گیا ہے۔











