حرم مقدسِ امیرالمؤمنین علیہ السلام نے حوزۂ علمیہ نجفِ اشرف کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والی حسینی مواکب کے ذمہ داران کی تیرہویں سالانہ کانفرنس کی میزبانی کی، جس میں ایک ہزار سے زائد حسینی مواکب نے شرکت کی۔
یہ کانفرنس حرمِ مقدسِ امیرالمؤمنین علیہ السلام، حرمِ مقدسِ امام حسین علیہ السلام، حرمِ مقدسِ امام موسیٰ کاظم علیہ السلام اور حرمِ مقدسِ حضرت ابوالفضل العباس علیہ السلام کے مشترکہ تعاون سے منعقد کی گئی، جس کا مقصد اربعینِ حسینی کے پیدل سفر کے دوران حسینی مواکب کے تبلیغی اور خدماتی کردار کو مزید مؤثر اور مضبوط بنانا تھا۔
حوزۂ علمیہ کے ممتاز استاد، حجۃ الاسلام والمسلمین سید احمد اشکوری نے اپنے خطاب میں کہا:
"امام حسین علیہ السلام کی خدمت کا روحانی پہلو، خدمتِ حسینی کی پہلی اور بنیادی اساس ہے۔ زائرانِ امام حسین علیہ السلام کی خدمت ایک عظیم اعزاز اور خداوندِ متعال کی عطا کردہ توفیق ہے، جو ہر شخص کو نصیب نہیں ہوتی۔”
انہوں نے مواکب کے ذمہ داران پر زور دیا کہ وہ اس عظیم ذمہ داری کی اہمیت کو محسوس کریں اور زائران کی بہترین خدمت اور حسینی اقدار کے فروغ کے ذریعے اس مقدس ذمہ داری کا حق ادا کریں۔
حرمِ مقدسِ امیرالمؤمنین علیہ السلام کی سرپرستی میں منعقد ہونے والی اس کانفرنس میں حوزۂ علمیہ کے متعدد اساتذہ، فضلاء، صوبۂ نجفِ اشرف اور عراق کے دیگر مختلف صوبوں سے تعلق رکھنے والے حسینی مواکب کے ذمہ داران نے شرکت کی۔
اس اجلاس کا بنیادی مقصد متعلقہ اداروں، بالخصوص مقدس روضوں، کے درمیان باہمی ہم آہنگی اور تعاون کو فروغ دینا تھا تاکہ اربعینِ حسینی کے ایام میں زائران کو فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔









