سورہ توبہ کی آیت نمبر ۱۱۹ میں، خداوند متعال واضح طور پر سچے اور وفادار افراد کی پیروی کی ضرورت کی طرف اشارہ فرماتا ہے۔ وہ افراد جو صداقت اور ایمان میں (پوری کائنات کے لیے) ایک کامل نمونہ ہیں۔ امیرالمومنین علیہالسلام صداقت، ایمان اور احکام الٰہی پر عمل پیرا ہونے کی سب سے روشن علامت کے طور پر پہچانے جاتے ہیں۔ یہ آیت مسلمانوں کی ہدایت اور رستگاری (کامیابی) کے لیے ایسے ہی پاکیزہ نمونۂ عمل کی پیروی کی تاکید کرتی ہے۔
سورہ توبہ کی آیت نمبر ۱۱۹
«يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا اتَّقُوا اللهَ وَ كُونُوا مَعَ الصَّادِقِينَ» اے ایمان والو! اللہ (کی نافرمانی) سے ڈرو اور سچے لوگوں کے ساتھ ہو جاؤ۔
زیارت غدیریہ کے ایک بلند پایہ فراز (حصے) میں آیا ہے:
پست و بے عقل لوگ اور بدخواہ گمراہ، اس حکم کے منکر ہیں جو آپ علیہالسلام کے حق میں نبی اکرم صلیاللہعلیہوآلہ پر نازل ہوا تھا، اور وہ آپ علیہالسلام کے مخالفین و معاندین کے مددگار ہیں؛ حالانکہ اللہ نے آپ علیہالسلام کی پیروی کا حکم دیا تھا اور مومنین کو آپ علیہالسلام کی نصرت و مدد کی طرف بلایا تھا، اور خدائے عزوجل نے ارشاد فرمایا:
اے اہل ایمان! اللہ سے ڈرو (اس کی اطاعت کرو اور محرمات سے بچو) اور صادقین [جو کہ انبیاء، اہل بیت علیہمالسلام اور خدا کے خاص اولیاء ہیں] کے ساتھ ہو جاؤ۔(توبہ/۱۱۹)
سورۂ توبہ کی آیت نمبر ۱۱۹ قرآنِ کریم کی آیات علوی میں شمار ہوتی ہے اور یہ صراحت کے ساتھ مؤمنین کو تقویٰ اور صادقین کی رفاقت کی دعوت دیتی ہے۔ پیغمبر اکرم صلیاللہعلیہوآلہ کے اصحاب کے درمیان صداقت، تقویٰ اور عدالت کے سب سے نمایاں مصداق کے طور پر امیرالمومنین علیہالسلام کی شخصیت گرامی کو مدنظر رکھتے ہوئے، کثیر مفسرین اور علمائے دین نے آپ کو اس آیت کا سب سے مقتدر اور نمایاں مصداق قرار دیا ہے۔
امام حسن عسکری علیہالسلام نے روایت کی ہے:
ان کے والد گرامی، امام علی نقی علیہالسلام نے سورہ توبہ کی آیت نمبر ۱۱۹ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے عید غدیر کے دن ان نورانی کلمات کے ساتھ امیرالمومنین علیہالسلام کی زیارت فرمائی:
جبکہ خداوند متعال نے آپ علیہالسلام کی پیروی کا حکم دیا ہے اور مؤمنین کو آپ علیہالسلام کی نصرت کے لیے پکارا ہے اور فرمایا ہے:
يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا اتَّقُوا اللهَ وَكُونُوا مَعَ الصَّادِقِينَ
اے میرے مولا! آپ علیہالسلام کے ذریعے حق بالکل آشکار ہو گیا مگر لوگوں نے اسے چھوڑ دیا۔[۱]
حسین بن سعید نے ایک سند کے ذریعے ابو سعید خدری سے روایت نقل کی ہے۔ یہ روایت مذکورہ آیت کے شان نزول کے بارے میں ہے:
جب آیت: اتَّقُوا اللهَ وَكُونُوا مَعَ الصَّادِقِينَ نازل ہوئی، تو رسول خدا صلیاللہعلیہوآلہ نے صحابہ کی طرف رخ کیا اور فرمایا: کیا تم جانتے ہو کہ یہ آیت کس کے بارے میں نازل ہوئی ہے؟
انہوں نے عرض کی: نہیں۔ اے اللہ کے رسول صلیاللہعلیہوآلہ! ہم نہیں جانتے۔
تب ابو دجانہ نے عرض کی: اے اللہ کے رسول! ہم سب صادقین (سچے لوگ) ہیں، ہم آپ پر ایمان لائے اور ہم نے آپ کی تصدیق کی ہے۔
رسول اللہ نے فرمایا: اے ابو دجانہ! ایسا نہیں ہے؛ یہ آیت خصوصی طور پر میرے چچا زاد بھائی علی بن ابیطالب علیہالسلام کی شان میں نازل ہوئی ہے، اور وہی سچے لوگوں (کے کاروان) کے سالار ہیں۔[۲]
امام محمد باقر اور امام جعفر صادق علیہماالسلام نے اس آیت میں «صادقین» کے حقیقی اور معنوی مصداق کی وضاحت فرمائی ہے۔ آپ دونوں بزرگواروں نے ارشاد فرمایا:
اس سے مراد امیرالمومنین علیہالسلام، حضرت فاطمہ زہرا سلاماللہعلیہا، امام حسن اور امام حسین علیہماالسلام اور قیامت تک آنے والی ان کی پاکیزہ و معصوم نسل ہے۔[۳]
مآخذ
[۱] ۔ تفسیر اهلبیت (علیهمالسلام) ج۶، ص۳۸۰ بحار الانوار، ج۹۷، ص۳۶۶
[۲] ۔ تفسیر اهلبیت (علیهمالسلام) ج۶، ص۳۷۶ بحار الانوار، ج۳۵، ص۴۱۱/ فرات الکوفی، ص۱۷۴
[۳] ۔ تفسیر اهلبیت (علیهمالسلام) ج۶، ص۳۷۶ البرهان
