حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام نے جرمنی میں مسلمان خواتین اور بچیوں کے لیے ’’کوثر‘‘ کے نام سے ایک آنلائن قرآنی اسکول قائم کیا ہے، جس کا مقصد قرآنی تعلیمات، اسلامی شناخت اور دینی معارف کو فروغ دینا ہے۔
حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے دارالقرآن برائے خواتین سے وابستہ شعبۂ قرآنی تعلیم برائے خواتین نے جرمنی میں خواتین کے لیے ’’کوثر‘‘ کے نام سے ایک آنلائن قرآنی اسکول کے افتتاح کا اعلان کیا ہے۔
یہ اقدام مسلم معاشرے کے افراد میں قرآنی تعلیمات اور معارف قرآن کی ترویج کے مقصد سے کیا گیا ہے، جو روزمرہ ضروریات اور بیرونی ممالک میں رہنے والے مہاجرین کی زندگی کے تقاضوں کے مطابق خصوصی اور آن لائن تعلیمی پروگراموں کے ذریعے انجام دیا جائے گا۔
بیرون ملک مقیم مسلمانوں کی ضرورت
شعبۂ قرآنی تعلیم برائے خواتین کی ذمہ دار محترمہ دلال طباطبائی نے حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے میڈیا سینٹر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آنلائن قرآنی اسکول ’’کوثر‘‘ کا افتتاح مسلمان مہاجر خواتین اور بچیوں کی بڑھتی ہوئی ضروریات کے پیش نظر کیا گیا ہے تاکہ یہ ادارہ قرآنی تعلیم اور علوم قرآنی کے لیے ایک منظم اور قابل اعتماد ماحول فراہم کر سکے۔
اسلامی شناخت کا استحکام
دلال طباطبائی نے مزید کہا کہ اس اسکول کے مقاصد صرف قرآن مجید کی تلاوت اور حفظ کی تعلیم تک محدود نہیں ہیں بلکہ اسلامی شناخت کو مضبوط بنانا، مسلم معاشرے میں قرآنی ثقافت کو فروغ دینا اور ایسی باایمان، باشعور اور باصلاحیت شخصیات کی تربیت بھی اس کے اہم اہداف میں شامل ہے جو اپنے معاشروں میں اسلامی اقدار کو متعارف کرا سکیں۔
یہ اسکول بچوں، نوجوانوں، جوان لڑکیوں اور خواتین کے لیے مختلف تعلیمی پروگرام پیش کرتا ہے، جن میں تجوید کے قواعد کے مطابق قرآن مجید کی صحیح قراءت، حفظ قرآن، تفسیر اور قرآن میں غور و فکر کے دروس کے علاوہ جدید آنلائن تعلیمی نظاموں سے استفادہ بھی شامل ہے۔
یہ سہولیات طلبہ و طالبات کو اس بات کا موقع فراہم کرتی ہیں کہ وہ ماہر اساتذہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہتے ہوئے اپنے تعلیمی سفر کو جاری رکھیں اور اپنی قرآنی مہارتوں کو مزید فروغ دیں۔





