سب سے زیادہ تلاش کیا گیا:

اسکول

شہدائے شجرۂ طیّبہ اسکول کے اہل خانہ حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہ‌السلام کے مہمان

حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہ‌السلام نے ایران کے شہر میناب کے شجرۂ طیّبہ اسکول کے شہداء کے اہل خانہ کا استقبال کرتے ہوئے ان کی میزبانی کی۔

حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہ‌السلام نے ایران کے شہر میناب کے شجرۂ طیّبہ اسکول کے شہداء کے اہل خانہ کی میزبانی کی۔ اس انسانی و زیارتی پروگرام میں نجف، کربلا، کاظمین اور سامرا کی زیارت شامل ہے۔

یہ اقدام ایک انسانی اور خدماتی پروگرام کے تحت انجام دیا گیا ہے، جس کا مقصد شہداء کے اہل خانہ کو سہولت فراہم کرنا، ان کے غم میں شریک ہونا اور انہیں عراق کے مقدس مقامات کی زیارت کا موقع دینا ہے۔

حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہ‌السلام کے کمیشن برائے امدادی کاروان کے سربراہ اور مجلس نظما کے رکن حیدر العیساوی نے میڈیا سنیٹر کو بتایا کہ حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہ‌السلام نے حالیہ امریکی و صہیونی جارحیت  کے نتیجہ میں شجرۂ طیّبہ اسکول میناب کے شہید ہونے والے طلبہ اور تدریسی عملے کے اہل خانہ کی میزبانی کا انسانی اقدام شروع کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ قافلہ ایک جامع پروگرام کا پہلا مرحلہ ہے، جس کا مقصد شہداء کے اہل خانہ کی حمایت اور ان کے غم کو کم کرنا ہے۔ اس پروگرام میں حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہ‌السلام، نجف اشرف کے مقدس مقامات، اور کربلا، کاظمین اور سامرا کی زیارت شامل ہے، اس کے علاوہ خصوصی اعزازی تقریبات بھی منعقد کی جا رہی ہیں۔

شہیدہ زینب مکی‌زاده کے والد نے کہا کہ نجف اشرف کی زیارت ہمارے لیے ایک عظیم تسلی کا باعث بنی۔

انہوں نے حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہ‌السلام، عراق کے عوام اور اہل نجف کی جانب سے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا، اور کہا کہ اس محبت بھرے رویے نے ہمارے دکھ کو کسی حد تک کم کیا ہے۔

شہیدہ آرشا میرانی کے والد نے کہا کہ اولاد کا نقصان ایک ایسا زخم ہے جسے الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا، اور بچوں کی لاشوں کو دیکھنا ہر والدین کے لیے ناقابل برداشت لمحہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ اس سفر کے دوران جو توجہ اور محبت انہیں ملی، اس نے ان کے دکھ کو کسی حد تک کم کیا اور انہیں احساس ہمدردی اور حمایت دیا۔

شہید سبحان شهدادی کے والد نے بھی اپنے جذبات بیان کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنے بیٹے سے الوداع نہیں کہہ سکا، یہ لمحہ میرے لیے انتہائی سخت تھا اور اس کی یادیں ہمیشہ میرے ذہن میں زندہ رہیں گی۔

قابل ذکر ہے کہ امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے شہر میناب میں اسکول پر ہونے والے میزائل حملے کے نتیجے میں 168 طلبہ اور 25 اساتذہ شہید ہوئے، جو اپنی تعلیمی ذمہ داری انجام دے رہے تھے۔

یہ انسانی اقدام حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہ‌السلام کی ان کوششوں کا حصہ ہے جو شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ ہمدردی، ان کی حمایت اور امام علی علیہ‌السلام کی سیرت میں بیان کردہ انسانی اخوت اور ہمدردی کے اصولوں کو عملی طور پر اجاگر کرنے کے لیے انجام دی جا رہی ہیں۔

مزید مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے