حرم مقدس امیرالمؤمنین (علیہالسلام) کے شعبۂ فکری و ثقافتی امور نے،حرم مقدس کے متولی سید عیسیٰ الخرسان کی براہِ راست نگرانی میں، کتابِ نہج البلاغہ کی ایک گراں قدر، تبرکاتی اور نفیس ترین نسخے کی خطاطی و کتابت کے عظیم منصوبے کا آغاز کر دیا ہے؛ اس اقدام کو عالمِ اسلام میں اپنی نوعیت کا پہلا منفرد اور خاص منصوبہ قرار دیا جا رہا ہے۔
فنی اصالت اور معاصر ذوق کا خوبصورت امتزاج
شعبۂ فکری و ثقافتی امور کے سربراہ، کرار جاسب نے حرم مقدس کے نیوز سینٹر سے گفتگو کرتے ہوئے اظہارِ خیال فرمایا:
"اس شعبے نے امیرالمؤمنین (علیہالسلام) سے منقول گراں بہا اور عظیمالشان کلام کے مجموعے ‘نہجالبلاغہ’ کے ایک انتہائی قیمتی نسخے کی کتابت کا کام شروع کر دیا ہے۔ یہ منصوبہ ان خصوصی علمی، فنی اور اشاعتی سلسلوں کا حصہ ہے جو فن کی اصالت اور روایتی حسن کو دورِ حاضر کے قارئین کی ضروریات اور علمی و ادبی ذوق کے ساتھ ہم آہنگ کرتے ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا:
"نہج البلاغہ کا یہ نیا نسخہ ایک ممتاز اور بے نظیر منصوبہ ہے جس پر ماضی میں کبھی بھی نظم و ضبط، غیر معمولی باریک بینی اور اس سطح کے خاص اہتمام کے ساتھ کام نہیں کیا گیا۔”
انہوں نے اس بات کا بھی تذکرہ کیا کہ آستانِ مقدسِ علوی نے گزشتہ سالوں کے دوران کتابِ نہج البلاغہ کی ترویج و اشاعت کے لیے متعدد گراں قدر خدمات سرانجام دی ہیں، جن میں مختلف کتب کی تصنیف، تحقیق اور تخصصی فہارس کی تدوین شامل ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس منصوبے کا بنیادی مقصد ایک ایسا نفیس اور فاخرانہ نسخہ پیش کرنا ہے جو معاصر ذوق کے تقاضوں کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ اسلامی ورثے کی اصالت کو بھی مکمل طور پر برقرار رکھے۔ ان کے بقول، یہ پہلا ایسا نسخہ ہو گا جو خود حرم مقدس امیرالمؤمنین (علیہالسلام) کی براہِ راست نگرانی اور انتھک کوششوں کے تحت تیار کیا جا رہا ہے۔
حرم مقدس کے نامور خطاط، حازم الحلو نے اس منصوبے کے فنی پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا:
"اس منصوبے میں نادر اور تبرکاتی نسخوں کی خطاطی کے قدیم، روایتی اور اصیل طریقوں کو بروئے کار لایا جائے گا۔ اس کے لیے استعمال ہونے والا کاغذ، سیاہی (مرکب)، قلم اور تذہیب و آرائش (ڈیزائننگ) کے لیے تمام اشیاء قدرتی اور مخصوص مواد سے منتخب کی جا رہی ہیں تاکہ یہ خطاطی کے معتبر مدارس اور قرآنِ کریم سمیت دیگر نفیس علمی شاہکاروں کی کتابت کے قدیم و اصیل قواعد کے عین مطابق ہو۔”
تین جلدوں پر مشتمل کتابت
جنابِ حازم الحلو نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا:
"اس منصوبے کی تکمیل میں تقریباً ایک سال کا عرصہ لگے گا اور اس میں حرم مقدس امیرالمؤمنین (علیہالسلام) کے مایہ ناز اور ممتاز ترین خطاط حصہ لے رہے ہیں۔ یہ علمی شاہکار تین جلدوں پر مشتمل ہو گا؛ بالکل اسی طرح جیسے قدیم اور مستند نسخے خطاطی کے معتبر مکاتبِ فکر کے اصولوں کے مطابق مدون کیے جاتے تھے۔”
انہوں نے مزید بتایا کہ اس نسخے کے ہر صفحے پر ۱۴ سطریں (لائنیں) ہوں گی، اور سطروں کی یہ تعداد چودہ معصومین (علیہمالسلام) کے مبارک ناموں سے تیمن و تبرک (برکت حاصل کرنے) کی نیت سے منتخب کی گئی ہے۔
منصوبے کی ثقافتی اور معرفتی اہمیت
یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ نہجالبلاغہ اسلامی ورثے میں فکری، ادبی اور معرفتی لحاظ سے اہم ترین مآخذ (ذرائع) میں شمار ہوتی ہے، جو امیرالمؤمنین امام علی(علیہالسلام) کے خطبات، مکتوبات (خطوط) اور کلماتِ حکمت کا لازوال مجموعہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ حرم مقدس امیرالمؤمنین (علیہالسلام) کی سرپرستی اور پشت پناہی میں تیار ہونے والے اس نفیس نسخے کی کتابت کے منصوبے کو علمی اور ثقافتی حلقوں میں غیر معمولی اور دور رس اہمیت حاصل ہے۔


