عید غدیر کے موقع پر تہران کے علاقے عباس آباد میں مشرق وسطیٰ کے بلند ترین فلیگ پول پر ایک ہزار مربع میٹر پر مشتمل پرچم غدیر لہرایا گیا۔
تقریب میں حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام، حرم مقدس امام رضا علیہالسلام اور ایرانی حکام سمیت محبین اہل بیت علیہم السلام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران میں عید سعید غدیر کے متبرک پرچم کی پرشکوہ پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، یہ پرچم تہران میونسپلٹی کے زیر انتظام علاقے عباس آباد میں واقع مشرق وسطیٰ کے بلند ترین فلیگ پول پر لہرایا گیا۔
اس تقریب میں حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کی مجلس نظما کے اراکین حیدر العیساوی اور کرار الشماع نے شرکت کی، جبکہ اہل بیت علیہم السلام سے محبت رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔
حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کی مجلس نظما کے رکن حیدر العیساوی نے حرم مقدس کے میڈیا سینڑ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پرچم غدیر تہران کی فضاؤں میں مشرق وسطیٰ کے بلند ترین فلیگ پول پر لہرایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ متبرک پرچم ایک ہزار مربع میٹر ہے، جبکہ جس فلیگ پول پر اسے نصب کیا گیا اس کی بلندی 150 میٹر ہے۔ یہ منظر اس عظیم مناسبت کی عظمت اور بلند مقام کا خوبصورت منظر پیش کر رہا تھا۔
اس متبرک پرچم کی پرچم کشائی کی تقریب میں مؤمنین نے بھرپور اور پرجوش شرکت کی، اس موقع پر حرم مقدس امام رضا علیہالسلام کے خدام اور ذمہ داران کے علاوہ متعدد ایرانی حکام بھی موجود تھے۔
یہ تقریب روحانی جوش و خروش اور مسرت سے بھرپور ماحول میں منعقد ہوئی، جہاں حاضرین نے عید غدیر کی مناسبت سے اپنی خوشی، عقیدت اور اہل بیت علیہم السلام سے وابستگی کا اظہار کیا اور اس عظیم اسلامی عید کو بھرپور انداز میں منایا۔





