حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام نے ہفتۂ غدیر کی تقریبات کے سلسلے میں گنجینۂ علوی کے نادر مخطوطات، قدیمی قرآنی نسخوں اور تاریخی دستاویزات کی نمائش کا افتتاح کیا، نمائش میں ایک ہزار سال سے زائد قدیمی قرآنی نسخے بھی پہلی بار عوام کے سامنے پیش کیے گئے ہیں۔
حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے نائب متولی احسان الطائی نے مجلس نظما کے اراکین کی موجودگی میں پندرہویں ہفتۂ غدیر کی تقریبات کے سلسلے میں گنجینۂ علوی کے نادر تاریخی آثار، مخطوطات اور قیمتی نوادرات کی نمائش کا افتتاح کیا۔
اس نمائش میں نادر و قیمتی آثار، مخطوطات، قدیمی قرآنی نسخوں اور تاریخی دستاویزات کا ایک گراں قدر مجموعہ حضرت آمنہ سلام اللہ علیہا ہال، واقع صحن حضرت زہراء سلام اللہ علیہا میں عوام کے لیے پیش کیا گیا ہے۔
اس شعبے کے نائب سربراہ عمار ماشاء اللہ نے حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے میڈیا سینٹر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس نمائش میں قلمی قرآنی نسخوں اور تاریخی دستاویزات کے ایسے نمونے شامل ہیں جو علمی اور ثقافتی ورثے کے اعتبار سے بے حد قیمتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ گنجینۂ علوی عراق اور عالم اسلام کی قدیم ترین اور مشہور ترین لائبریریوں اور علمی خزائن میں شمار ہوتا ہے، اور اس سال ان نوادرات کو سابقہ نمائشوں سے مختلف اور منفرد انداز میں پیش کیا گیا ہے۔
نمائش میں ایک ہزار سال قدیمی قرآنی نسخے بھی عوام کی توجہ کا مرکز ہیں، یعنی ایسے قرآنی مخطوطات جن کی کتابت کو ایک ہزار سال سے زیادہ عرصہ گزر چکا ہے۔ ان میں سے بعض نسخے پہلی مرتبہ عوامی نمائش کے لیے پیش کیے گئے ہیں۔
انہوں نے نادر مخطوطات کی مرمت اور تحفظ کے شعبے کی سرگرمیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس نمائش میں گنجینۂ علوی میں محفوظ قرآن مجید کے نادر نسخوں اور دیگر مخطوطات کے منتخب نمونے بھی پیش کیے گئے ہیں۔
یہ نمائش حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے شعبۂ فکری و ثقافتی امور کے زیر اہتمام منعقد کی گئی ہے اور 16 سے 21 ذی الحجہ تک جاری رہے گی۔
اس نمائش کے انعقاد کا مقصد اس مبارک مناسبت میں عوامی شرکت کو فروغ دینا، امیرالمؤمنین علیہالسلام کے ساتھ بیعت و ولایت کی ثقافت کو عام کرنا اور پیغام غدیر کو دلوں اور افکار میں زندہ رکھنا ہے۔
گنجینۂ علوی کے نادر آثار اور مخطوطات کی یہ نمائش ثقافتی اور تاریخی ورثے سے دلچسپی رکھنے والوں کے لیے ایک قیمتی موقع فراہم کرتی ہے تاکہ وہ قریب سے علمی، تاریخی اور تہذیبی نوادرات کے اس بے مثال خزانے سے آشنائی حاصل کر سکیں۔








