حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام نے بین الاقوامی ہفتۂ غدیر کی تقریبات کے تحت عراق کے مختلف صوبوں میں 19 مرکزی مقامات پر پرچم غدیر لہرانے کا آغاز کر دیا، بصرہ میں 72 میٹر بلند پرچم نصب کیا جائے گا۔
حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام نے عراق کے مختلف صوبوں میں 19 مرکزی مقامات پر عید غدیر کا پرچم لہرانے کا سلسلہ شروع کیا۔ یہ تقریبات حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے وفود کی موجودگی اور دینی و سماجی اداروں کی وسیع شرکت کے ساتھ منعقد کی جا رہی ہیں۔
اس تقریب کے انتظامی نگران احمد الزورکانی نے نیوز سینٹر سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پرچم غدیر لہرانے کی تقریبات نجف اشرف، بصرہ، ذی قار، واسط، دیوانیہ، مثنیٰ، بابل، بغداد، دیالہ، طوزخورماتو، آمرلی، کرکوک اور دیگر متعدد علاقوں میں منعقد کی گئی ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام نے ’’عید اللہ الاکبر:: کی مناسبت سے ان تقریبات کے شایان شان انعقاد کے لیے تمام فنی اور انتظامی سہولیات فراہم کی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبۂ بصرہ میں سب سے بڑا پرچم غدیر نصب کیا جائے گا جس کی اونچائی 72 میٹر ہوگی، جبکہ نصب کیا جانے والا پرچم 100 مربع میٹر ہے،یہ ایک شاندار منظر ہوگا جو اس مبارک مناسبت کی عظمت کو اجاگر کرے گا اور عراق کے مختلف صوبوں میں غدیر کی تقریبات میں عوامی شرکت کے وسیع دائرے کی عکاسی کرے گا۔
واضح رہے کہ عراق کے صوبوں میں پرچم غدیر لہرانے کا یہ سلسلہ ان درجنوں دینی، ثقافتی اور سماجی پروگراموں کے ساتھ جاری ہے جو حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کی جانب سے عید غدیر کی مناسبت سے منعقد کیے جا رہے ہیں۔