عید غدیر کی مناسبت سے حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام میں مرکزی پرچم غدیر لہرایا گیا، اس موقع پر عراق اور دنیا کے 150 سے زائد شہروں میں بھی پرچم غدیر لہرائے گئے اور بین الاقوامی ہفتۂ غدیر کی سرگرمیوں کا باضابطہ آغاز ہوا۔
حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام نے ’’مَنْ كُنْتُ مَوْلَاهُ فَهَذَا عَليٌّ مَوْلَاهُ‘‘ کے نعرے کے تحت حرم مقدس کے جوار میں مرکزی پرچم غدیر لہرائے جانے کی تقریب منعقد کی۔ یہ تقریب عظیم الشان بین الاقوامی ہفتۂ غدیر کی سرگرمیوں کے آغاز کے اعلان کے لیے منعقد کی گئی، جو سب سے بڑی عید الٰہی کی یاد میں منعقد ہونے والی تقریبات کا حصہ ہے۔
اس تقریب میں مراجع عظام کے نمائندوں، علماء کرام، طلبہ اور حوزۂ علمیہ کے اساتذہ،حرمہائے مقدس اور مقدس روضوں کے متولیوں اور نمائندوں، قبائلی عمائدین، ممتاز سماجی شخصیات، صوبۂ نجف اشرف کے سرکاری اداروں کے ذمہ داران، حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے متولی سید عیسی الخرسان، ان کے معاون، مجلس نظما کے اراکین، مختلف شعبہ جات کے سربراہان اور حرم مقدس کے خدام نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے متولی کا پیغام مجلس نظما کے رکن حیدر العیساوی نے حاضرین کے سامنے پیش کیا۔
اس کے بعد حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے متولی سید عیسی الخرسان نے حرم مقدس کے گنبد اقدس پر مرکزی پرچم غدیر لہرایا، اسی وقت عراق اور دنیا بھر کے 150 سے زائد شہروں میں بھی غدیر کے مبارک پرچم لہرائے گئے، جن میں حرمہائے مقدس ، مقدس روضے ، مرکزی چوک اور اہم عوامی مقامات شامل تھے۔ یہ مناظر ولایت کے مفاہیم اور امیرالمؤمنین علیہالسلام سے وفاداری و وابستگی کی روشن تصویر بن کر سامنے آئے۔
بین الاقوامی ہفتۂ غدیر کی سرگرمیوں کا آغاز بھی آج، پیر 15 ذی الحجہ 1447 ہجری، سے ہو گیا ہے۔ ان پروگراموں کا آغاز حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام میں پرچم عید غدیر لہرائے جانے سے کیا گیا، جبکہ ان سرگرمیوں میں قرآنی، ثقافتی اور عوامی پروگرام، خواتین کے خصوصی اجتماعات، بچوں اور نوجوانوں کے لیے سرگرمیاں، تاریخی ورثے اور نادر آثار کی نمائشیں، سماجی تعاون اور کفالت کے منصوبے، نیز عید غدیر کی زیارت کے لیے نجف اشرف آنے والے زائرین کے استقبال اور خدمت کے لیے جامع خدماتی و انتظامی پروگرام شامل ہیں۔








