حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام نے اعلان کیا ہے کہ امسال عید غدیر کی تقریبات خطے کے غیرمعمولی حالات، ایران اور لبنان کے حالیہ واقعات اور عوامی جذبات کو مدنظر رکھتے ہوئے منعقد کی جائیں گی، جبکہ غدیر کے دینی، ثقافتی اور ایمانی پیغام کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا جائے گا۔
حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام نے اعلان کیا ہے کہ اس سال عید غدیر کی مناسبت سے منعقد ہونے والے پروگرام اور سرگرمیاں ان غیرمعمولی حالات کے مطابق ترتیب دی جائیں گی جن کا سامنا خطے کی اقوام کو ہے، خصوصاً اپنے عزیزوں کے فقدان پر غم و اندوہ کے احساسات اور اسلامی جمہوریہ ایران اور برادر ملک لبنان میں پیش آنے والے المناک واقعات کے پیش نظر۔
حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام نے اس بات پر زور دیا کہ تقریبات کی نوعیت ایسی ہوگی جو موجودہ حالات سے ہم آہنگ رہے گی اور ساتھ ہی اس عظیم مناسبت کے تقدس اور اس کی روحانی و ایمانی فضا کو بھی محفوظ رکھا جائے گا۔
یہ بات اس پریس کانفرنس کے دوران سامنے آئی جو حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے شعبۂ میڈیا کے سربراہ حیدر رحیم نے نجف اشرف میں مختلف ذرائع ابلاغ کی موجودگی میں منعقد کی، جس میں انہوں نے بین الاقوامی ہفتۂ غدیر کی تیاریوں کے بارے میں تفصیلات بیان کیں۔
انہوں نے کہا کہ اس سال عید اللہ الاکبر کی مناسبت سے ہونے والی تقریبات کا ایسا رنگ و آہنگ ہو گا جو موجودہ حالات سے ہم آہنگ ہوگا، جبکہ بنیادی توجہ دینی، ثقافتی اور ایمانی پہلوؤں پر مرکوز رہے گی؛ ایسے پہلو جو ولایت کے معانی اور امیرالمؤمنین حضرت علی علیہالسلام کے راستے سے وابستگی کی ترجمانی کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس سال بین الاقوامی ہفتۂ غدیر ایک عالمی پیغام کا حامل ہوگا جو جغرافیائی سرحدوں سے بالاتر ہو کر غدیر کی اقدار کے انسانی اور تہذیبی پہلوؤں کو نمایاں کرے گا۔ اسی لیے غدیر کے مبارک پرچم لہرائے جانے کی مہم میں غیرمعمولی توسیع کی گئی ہے، یہاں تک کہ گزشتہ برسوں کے تقریباً 90 مقامات کے مقابلے میں اب عراق کے اندر اور بیرون عراق تقریباً 150 مقامات پر یہ پرچم لہرایا جائے گا نیز اس کا دائرہ کار 128 ممالک تک پھیل چکا ہے۔
انہوں نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ پہلی مرتبہ ایران کے ان 20 صوبوں میں بھی پرچم غدیر لہرایا جائے گا جو امریکی اور صیہونی جارحانہ حملوں اور بمباری کا نشانہ بنے ہیں، یہ اقدام ایرانی عوام کے لیے حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کی خصوصی انسانی ہمدردی مہم اور مرجع عالقدر کی اپیل کے جواب میں کیا جا رہا ہے تاکہ یہ پرچم ان علاقوں میں یکجہتی، استقامت اور امید کا پیغام بن سکیں۔
شعبۂ میڈیا کے سربراہ نے حضرت آمنہ سلام اللہ علیہا ہال، واقع صحن حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا میں منعقدہ اس نشست کے دوران مزید بتایا کہ پروگراموں کو اس انداز میں پیش کیا جائے گا کہ مؤمنین کے جذبات کا مکمل خیال رکھا جائے اور وہ خطے کی اقوام کے غم اور ہمدردی کے ماحول سے ہم آہنگ ہوں، جبکہ دوسری جانب غدیر کی مناسبت کو ایک عظیم عقیدتی اور فکری موقع کے طور پر بھی منایا جائے جو اتحاد، استقامت اور شعور کی اقدار کی یاد دلاتا ہے۔
بین الاقوامی ہفتۂ غدیر کی سرگرمیوں کا آغاز 15 ذی الحجہ سے ہوگا، جن میں حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام میں عید غدیر کے پرچم کا لہریا جانا، قرآنی، ثقافتی اور عوامی پروگرام، خواتین کے خصوصی اجتماعات، بچوں اور نوجوانوں کے لیے سرگرمیاں، تاریخی ورثے اور نادر آثار کی نمائشیں، سماجی تعاون کے منصوبے، اور ان زائرین کے استقبال کے لیے منظم خدماتی پروگرام شامل ہوں گے جو عید غدیر کی زیارت میں شرکت کے لیے نجف اشرف کا رخ کریں گے۔