حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام نے اعلان کیا ہے کہ عید غدیر کی مناسبت سے کل دنیا کے 150 مقامات پر پرچم غدیر لہرایا جائے گا۔ یہ پروگرام 28 ممالک، عراق کے مختلف صوبوں، حرمہائے مقدس اور مقدس روضوں میں منعقد ہوگا۔
حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام نے بتایا ہے کہ دنیا کے مختلف ممالک اور عراق کے مختلف صوبوں میں پرچم غدیر کی تقریب کے انعقاد کے لیے تمام ضروری تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، یہ پروگرام عید اللہ الاکبر کی مناسبت سے اور ثقافت غدیر و معارف اہل بیت علیہم السلام کے فروغ کے مقصد کے تحت پیر کے روز منعقد کیا جائے گا۔
اس پروگرام کے اعداد و شمار اور تفصیلات کے حوالے سے حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے شعبۂ میڈیا کے سربراہ حیدر رحیم نے صحن حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران، جس میں مختلف ٹی وی چینلز اور خبر رساں اداروں کے نمائندے شریک تھے، کہا: پرچم غدیر عراق کے اندر اور بیرون عراق 150 مقامات پر لہرایا جائے گا۔
ان میں 28 ممالک میں واقع 87 بین الاقوامی مقامات، عراق کے 15 صوبوں میں 21 مقامات، حرمہائے مقدس میں 8 مقامات، مقدس روضوں میں 26 مقامات اور اس کے علاوہ نجف اشرف اور اس کے نواحی علاقوں میں 8 مقامات شامل ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یورپی ممالک پرچم غدیر لہرائے جانے کے مقامات کے لحاظ سے سرفہرست ہیں، جہاں مختلف یورپی ممالک میں 28 مقامات مخصوص کیے گئے ہیں، ان ممالک میں برطانیہ، سویڈن، جرمنی، ڈنمارک، ناروے، فن لینڈ، اسپین، نیدرلینڈز، بیلجیم، رومانیہ، جمہوریہ چیک، فرانس اور آسٹریا شامل ہیں۔
دیگر مقامات ایران کے 20 صوبوں، پاکستان کے 10 مقامات، بھارت کے 10 مقامات، لبنان کے 3 مقامات، ترکی کے 2 مقامات، آسٹریلیا کے 3 مقامات ، اس کے علاوہ تھائی لینڈ، انڈونیشیا، چین، سعودی عرب اور مصر میں بھی ہوں گے،مزید برآں افریقی ممالک جیسے آئیوری کوسٹ، نائجیریا اور کینیا میں بھی یہ پروگرام منعقد کیا جائے گا۔
انہوں نے آخر میں کہا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں اس سال ان ممالک اور اجتماعات کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جہاں پرچم غدیر لہرایا جائے گا، یہ اقدام حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کی جانب سے عید غدیر کی عظمت کو اجاگر کرنے، اس مبارک مناسبت کی عالمی سطح پر موجودگی کو مضبوط بنانے اور اس کے انسانی و ایمانی پیغام کو مختلف معاشروں تک پہنچانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

