حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام نے بین الاقوامی ہفتۂ غدیر کی تقریبات کے تحت عراق اور دنیا بھر کے 150 مقامات پر پرچم ولایت لہرانے کا اعلان کیا ہے، تقریبات میں دینی، ثقافتی، سماجی اور انسانی سرگرمیوں کے ساتھ مختلف ممالک میں عید غدیر کی مناسبت سے خصوصی پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔
حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے شعبۂ میڈیا نے اپنے پندرہویں بین الاقوامی ہفتۂ غدیر کے پروگراموں کا تعارف کراتے ہوئے ان سرگرمیوں کی تفصیلات کا اعلان کیا جو عراق اور اس سے باہر منعقد کی جائیں گی۔ ان میں سب سے نمایاں پروگرام عید اللہ الاکبر کے پرچم کو عراق اور دنیا بھر کے مختلف ممالک میں 150 مقامات اور مراکز پر لہرانا ہے۔
حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے شعبۂ میڈیا کے سربراہ حیدر رحیم نے ایک پریس کانفرنس کے دوران، جس میں سیٹلائٹ چینلز، ذرائع ابلاغ، خبر رساں ایجنسیوں اور مواد تخلیق کرنے والے کارکنان کے نمائندے شریک تھے، کہا کہ بین الاقوامی ہفتۂ غدیر کی سرگرمیوں کو ولایت کی اقدار کے استحکام، فروغ اور امیرالمؤمنین حضرت علی علیہالسلام سے عقیدت کے جذبے کو مضبوط بنانے کے مقصد سے ترتیب دیا گیا ہے۔ ان پروگراموں میں دینی، قرآنی، ثقافتی، فنی، عوامی، خدماتی اور انسانی سرگرمیوں کے ساتھ بچوں کے لیے خصوصی اور دلکش پروگرام بھی شامل ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان پروگراموں کا سب سے اہم حصہ اس مبارک مناسبت کے پرچم کو عراق کے اندر اور بیرون عراق 150 مقامات اور اجتماعات میں لہرانا ہے، جن میں یورپی، عرب اور اسلامی ممالک، عراق کے تمام صوبے، حرمہائے مقدس اور مقدس روضوں کے اطراف اور نجف اشرف کے درجنوں مقامات شامل ہیں۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس مبارک پرچم کو ایران کے ان 21 شہروں میں بھی لہرانے کے لیے خصوصی پروگرام ترتیب دیا گیا ہے جو صہیونی۔امریکی جارحیت کا نشانہ بنے ہیں۔
یہ پروگرام شہر میناب کے اسکول پر حملے کے متاثرہ خاندانوں کی میزبانی اور ان کی حمایت کے ساتھ منعقد کیا جائے گا، یہ اقدام ایرانی عوام کی مدد کے لیے حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کی امدادی مہم کے دائرے میں ایک انسانی اور ہمدردانہ کوشش ہے، جو امید کا پیغام اور ولایت و غدیر کی اقدار سے وابستگی کی عملی تصویر پیش کرتا ہے۔
حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے شعبۂ میڈیا کے سربراہ نے زور دیتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی ہفتۂ غدیر کے دوران ایک خصوصی اسٹیج شو بھی پیش کیا جائے گا جس میں 500 فنکار شریک ہوں گے اور یہ پروگرام 15 روز تک جاری رہے گا۔
یہ تقریب النخیل ریسٹ کمپلیکس میں منعقد ہوگی جس میں 5 ہزار سے زائد افراد کی گنجائش موجود ہے۔ اس کے علاوہ سماجی پروگرام، مستحق افراد کی اجتماعی شادیوں کی تقریبات، ثقافتی و فکری سرگرمیاں اور متنوع جشن نجف اشرف کے 16 مختلف مقامات پر جشن کا پروگرام منعقد کیا جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ شاندار ہفتۂ غدیر کی تقریبات کل پیر کے روز حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام میں عید اللہ الاکبر کے پرچم کے لہرانے سے شروع ہوں گی۔ اسی وقت یہ پرچم حرمہائے مقدس، مقدس روضوں، عراق کے مختلف صوبوں اور دنیا بھر کے متعدد ممالک میں بھی لہرایا جائے گا تاکہ عید غدیر کی تقریبات کے آغاز اور امیرالمؤمنین حضرت علی علیہالسلام کے ساتھ تجدید عہد ولایت کا اعلان کیا جا سکے۔

