سب سے زیادہ تلاش کیا گیا:

کاظمین

حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہ‌السلام کی جانب سے حرم مقدس کاظمین کو پرچم غدیر کا تحفہ

حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہ‌السلام کی جانب سے عید غدیر خم کا مبارک پرچم حرم مقدس امامین کاظمین علیہماالسلام کو پیش کیا۔

عید سعید غدیر کی مناسبت سے جاری خصوصی تیاریوں اور بین الاقوامی ہفتۂ غدیر کی سرگرمیوں کے سلسلے میں حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہ‌السلام کے ایک وفد نے، جس کی سربراہی مجلس نظما کے رکن حیدر العیساوی کر رہے تھے اور جس میں شعبۂ تعلقات عامہ کے نمائندگان بھی شامل تھے، حرم مقدس امامین کاظمین علیہماالسلام کی زیارت کی سعادت حاصل کی اور عید غدیر کا مبارک پرچم وہاں کے متولی کے حوالے کیا۔

اس موقع پر حرم مقدس امامین کاظمین علیہماالسلام کی مجلس نظما کے رکن حمید زکی حمید اور شعبۂ تعلقات عامہ کے خدام نے وفد کا استقبال کیا اور انہیں خوش آمدید کہا۔

ملاقات کے دوران دونوں حرمہائے مقدس کے درمیان باہمی تعاون اور مسلسل رابطوں کو فروغ دینے کے طریقہ کار پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس تعاون کا مقصد ائمۂ اطہار علیہم‌السلام کے زائرین کی بہتر خدمت اور دینی و ثقافتی مناسبتوں کے دوران منعقد ہونے والے پروگراموں کی کامیابی کو یقینی بنانا ہے۔

فریقین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ولایت اور محبت اہل‌بیت علیہم‌السلام اور پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ کی تعلیمات سے ماخوذ مشترکہ اہداف کی روشنی میں باہمی ہم آہنگی، تجربات کے تبادلے اور مشترکہ کاوشوں کو مزید مضبوط بنایا جائے تاکہ زائرین کرام کو فراہم کی جانے والی خدمات کا معیار مزید بلند ہو سکے۔

یاد رہے کہ عید غدیر کے پرچم کی یہ تقریب اُن مختلف سرگرمیوں کا حصہ ہے جو حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہ‌السلام عید غدیر کے استقبال اور بین الاقوامی ہفتۂ غدیر کے انعقاد کے سلسلے میں انجام دے رہا ہے۔

مزید مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے