حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام نے یوم عرفہ اور عیدالضحیٰ کے موقع پر زائرین کی خدمت کے لیے وسیع انتظامات مکمل کر لیے،فرش، ٹھنڈک کے انتظامات، طبی خدمات، رہائش اور امانات مراکز سمیت مختلف سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
یہ منصوبہ زائرین کی زیارت، نماز کی ادائیگی، آرام اور رہائش کے انتظامات کو آسان بنانے کے مقصد سے تیار کیا گیا ہے۔
شعبۂ امور خدمات کے نگران زید الخرسان نے نیوز سینٹر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شعبۂ خدمات کے تمام عملے نے زائرین کی خدمت کے لیے اپنی بھرپور تیاریاں شروع کر دی ہیں اور یہ جامع منصوبہ حرم مقدس علوی کے اندر اور اطراف کے تمام خدماتی شعبوں کو شامل ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کے تحت 22 ہزار مربع میٹر سے زائد رقبے پر قالین بچھائے گئے ہیں تاکہ بڑی تعداد میں آنے والے زائرین کو سہولت فراہم کی جا سکے۔
اسی طرح حرم مقدس کے اطراف، حرم مقدس کی طرف آنے والے راستوں، شارع الجواہری، شارع الحمامی، باب شیخ طوسی اور امام رضا علیہالسلام سٹی میں پینے کے پانی کی تقسیم کے مراکز بھی قائم کیے گئے ہیں۔
الخرسان نے مزید کہا کہ شدید گرمی کے پیش نظر مناسب اور ٹھنڈا ماحول فراہم کرنے کے لیے تقریباً 450 کولنگ یونٹس حرم مقدس علوی، اس کے اطراف اور صحن حضرت زہرا سلام اللہ علیہا میں نصب کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شعبۂ مشینری کے تعاون سے 18 جدید صفائی مشینیں صحن اور اطراف کی صفائی کے لیے استعمال کی جا رہی ہیں، جبکہ کچرا منتقل کرنے والی خصوصی گاڑیاں قدیم شہر اور حرم کی طرف آنے والے راستوں میں تعینات کی گئی ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ امام رضا علیہالسلام سٹی سے شارع الجواہری تک زائرین کی منتقلی کے لیے خصوصی گاڑیوں کا انتظام کیا گیا ہے، جبکہ رہائش گاہوں کو مکمل طور پر زائرین کے استقبال اور میزبانی کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ طبی اور صحتی خدمات فراہم کرنے کے لیے ایک مکمل طبی یونٹ بھی قائم کیا گیا ہے۔
شعبۂ خدمات کے نگران نے کہا کہ شارع الحمامی میں ایک ہزار مربع میٹر سے زائد رقبے پر سایہ دار شیڈ نصب کیے گئے ہیں تاکہ زائرین کو آرام اور قیام کی بہتر سہولت فراہم کی جا سکے۔
اسی طرح زائرین کی امانات محفوظ رکھنے کے لیے خصوصی مراکز بھی قائم کیے گئے ہیں، جہاں بیک وقت 12 ہزار سے زائد امانات محفوظ رکھنے کی گنجائش موجود ہے۔
واضح رہے کہ حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے متولی نے تمام شعبوں اور خدام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لاتے ہوئے یوم عرفہ اور عیدالضحیٰ کے دوران زائرین امیرالمؤمنین علیہالسلام کو بہترین خدمات فراہم کریں۔





