حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے شعبۂ امور دینی نے عیدالضحیٰ کے موقع پر فقہی، ثقافتی اور رہنمائی پروگراموں کا آغاز کر دیا۔ زائرین کی شرعی رہنمائی، استفتاءات کے جوابات اور نماز عید کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
یہ پروگرام ایک جامع منصوبے کے تحت مختلف شعبہ جات اور ان سے وابستہ یونٹس کی نگرانی میں جاری کیے جا رہے ہیں، جن کا مقصد صحیح دینی ثقافت کو فروغ دینا اور زائرین کی شرعی ضروریات کا جواب فراہم کرنا ہے۔
عید کے خصوصی پروگرام
شعبۂ امور دینی کے نائب سربراہ جناب سید یوسف الموسوی نے نیوز سینٹر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس مناسبت کے لیے خصوصی پروگرام ترتیب دیے گئے ہیں، جن میں فقہی اور مشاورتی نشتوں جیسے پروگرام شامل ہیں، جو روزانہ صبح اور شام منعقد ہوں گے۔
انہوں نے بتایا کہ ان نشستوں میں عیدالضحیٰ کے احکام، نماز عید، قربانی اور اس کی شرائط، نیز قربانی کی اہمیت اور متعلقہ شرعی مسائل پر روشنی ڈالی جائے گی، کیونکہ یہ موضوعات ان ایام میں زائرین کے سب سے زیادہ پوچھے جانے والے سوالات میں شامل ہیں۔
شرعی سوالات کے جوابات
موسوی نے مزید کہا کہ شرعی استفتاءات کے جوابات کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جن کے تحت مرد و خواتین کے لیے تقریباً 10 خصوصی مراکز قائم کیے گئے ہیں، جن میں 6 مراکز مردوں اور 4 خواتین کے لیے مخصوص ہیں۔
انہوں نے وضاحت کی کہ خواتین کے مراکز صحن حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا میں قائم کیے گئے ہیں جہاں شرعی مسائل اور خاندانی مشاورت فراہم کی جائے گی، جبکہ مردوں کے مراکز حرم مقدس علوی کے اندر اور اطراف، شمالی میدان، رواق ابوطالب، باب القبلہ اور شیخ طوسی کے قریب خدمات انجام دیں گے۔
عید کے دوران شرعی خدمات میں اضافہ
نائب سربراہ نے کہا کہ عید کے ایام میں شرعی سوالات میں اضافے کے پیش نظر علماء کرام کی خدمات حاصل کی گئی ہیں، جنہیں باضابطہ اجازت نامے جاری کیے گئے ہیں۔ ہر مرکز میں دو علماء موجود ہوں گے تاکہ زائرین کے سوالات کے جوابات دیے جا سکیں۔
خواتین زائرین کے لیے خصوصی سرگرمیاں
انہوں نے شعبۂ تبلیغات دینی برائے خواتین کی سرگرمیوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ خواتین زائرین کے لیے وضو کی درست تعلیم کے خصوصی پروگرام ترتیب دیے گئے ہیں۔ یہ تعلیم فقہی مسائل سے آشنا اور تخصصی فقہی کورسز سے فارغ التحصیل تربیت یافتہ خواتین کی جانب سے فراہم کی جائے گی تاکہ زائرین صحیح طریقے سے وضو، نماز اور زیارت ادا کر سکیں۔
میڈیا اور سماجی رابطوں کی سرگرمیاں
موسوی نے مزید کہا کہ شعبۂ تبلیغات دینی کے الیکٹرانک اشاعتی یونٹ نے گزشتہ چند روز سے تعلیمی اور رہنمائی پر مبنی مواد کی نشر و اشاعت شروع کر دی ہے، جو شعبۂ امور دینی کی ویب سائٹس اور حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے سماجی رابطوں کے مختلف پلیٹ فارمز پر جاری ہے۔
ان کے مطابق اس مواد میں نماز عید، قربانی، عبادات اور ان مبارک ایام کے مستحب اعمال سے متعلق تصویری، صوتی اور ویڈیو مواد شامل ہے۔
نماز عید کے مقامات کی تیاری
نائب سربراہ نے آخر میں کہا کہ شعبۂ امور دینی خواتین اور مردوں کے لیے نماز عید کے مقامات کی تیاری میں بھی مصروف ہے تاکہ عیدالضحیٰ کے دوران زائرین اور نمازیوں کے لیے مناسب روحانی ماحول اور منظم انتظامات فراہم کیے جا سکیں۔

