حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے متولی سید عیسیٰ الخرسان نے اپنے ہمراہ وفد کے ساتھ مشہد مقدس میں آیت اللہ العظمیٰ سید علی سیستانی کے نمائندہ دفتر کا دورہ کیا ، اس موقع پر دفتر کے مدیر حجت الاسلام سيد مہدی ربانی نے ان کا استقبال کیا جبکہ حجت الاسلام شیخ مہدی مروارید بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کی جانب سے جاری امدادی مہم کے اہم نکات کا جائزہ لیا گیا، اس مہم میں مختلف انسانی اور خدماتی پروگراموں کے ساتھ ایران کے متعدد شہروں میں فیلڈ دورے بھی شامل تھے۔
اس کے علاوہ اس مہم کے ان مقاصد پر بھی گفتگو کی گئی جن کا ہدف دزفول، اصفہان اور تہران میں متاثرہ خاندانوں، شہداء کے اہل خانہ اور زخمیوں کی مدد کرنا ہے، جبکہ اس دوران طے پانے والی مفاہمتی یادداشتوں اور تعاون و رابطے کے طریقہ کار پر بھی روشنی ڈالی گئی۔
اس موقع پر حجت الاسلام سيد مہدی ربانی اور حجت الاسلام شیخ مہدی مروارید نے حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کی جانب سے کی جانے والی کوششوں پر شکریہ اور قدردانی کا اظہار کیا۔
انہوں نے پیش کی جانے والی انسانی اور خدماتی اقدامات کو سراہتے ہوئے دعا کی کہ یہ بابرکت خدمات کامیابی اور قبولیت کے ساتھ جاری رہیں اور امیرالمؤمنین علیہ السلام کی خدمت کرنے والوں کو مزید توفیق نصیب ہو۔





