سب سے زیادہ تلاش کیا گیا:

سیمینار

حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہ‌السلام کی امام حسن علیہ‌السلام کے بارے میں منعقدہ سیمینار میں شرکت

حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہ‌السلام نے امام حسن مجتبیٰ علیہ‌السلام کی شہادت کی مناسبت سے حلہ شہر میں منعقد ہونے والے سیمینار میں شرکت کی۔

حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہ‌السلام کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے شہر حلہ میں امام حسن مجتبیٰ علیہ‌السلام کے بارے میں منعقد ہونے والے بارہویں سالانہ علمی سیمینار میں شرکت کی۔

اس سیمینار کا انعقاد امام حسن مجتبیٰ علیہ‌السلام سٹی اور شہر حلہ کی اعلیٰ کمیٹی کی جانب سے، حرم مقدس حضرت عباس علیہ‌السلام سے وابستہ مرکز شیخ طوسی کے تعاون اور حرم مقدس امام حسین علیہ‌السلام اور حضرت عباس علیہ‌السلام کی سرپرستی میں کیا گیا، یہ علمی نشست، امام حسن مجتبیٰ علیہ‌السلام کی شہادت کی مناسبت سے اُن کی شخصیت، سیرت اور افکار کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے منعقد کی گئی ۔

حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہ‌السلام کے نمائندے شیخ مہند عُقابی نے میڈیا سینٹر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ علمی نشست بڑی اہمیت رکھتی ہے، کیونکہ اس میں پیش کیے گئے مقالات، امام حسن علیہ‌السلام کی شخصیت کو تاریخی، سیرت نگاری کی کتابوں اور مشرق شناسوں کی تحریروں کی روشنی میں پرکھنے اور تنقیدی انداز میں تجزیہ کرنے پر مشتمل تھے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ میں نے بھی اس سیمینار میں ایک تحقیقی مقالہ پیش کیا جس کا عنوان تھا: اعلام النبلاء جیسی تاریخی کتاب میں درج امام حسن علیہ‌السلام کی حیات پر ایک تنقیدی مطالعہ۔

حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہ‌السلام کے شعبۂ فکری و ثقافتی امور کے رکن شیخ حسنین قفطان نے کہا کہ ہماری شرکت حرم مقدس امام حسین علیہ‌السلام اور حضرت عباس علیہ‌السلام کی جانب سے موصول ہونے والی قابل قدر دعوت کا جواب تھی۔

سیمینار کا محور امام حسن علیہ‌السلام کی سیرت، خلافت امیرالمؤمنین علیہ‌السلام کے بعد آپ کے اسٹریٹجک کردار اور امت اسلامی میں آپ کے اصلاحی اقدامات پر تھا، اس کے علاوہ قیام امام حسین علیہ‌السلام کی راہ ہموار کرنے میں امام حسن علیہ‌السلام کے کردار پر بھی روشنی ڈالی گئی۔

اسی ضمن میں حرم مقدس حضرت عباس علیہ‌السلام کی احیائے میراث کمیٹی کے مشیر، شیخ مسلم رضائی نے کہا کہ تحقیقیاتی کمیٹی نے اس سال کے سیمینار کا مرکز اُن تحریروں پر رکھا جو امام حسن علیہ‌السلام سے متعلق غیر مسلم مشرق شناسوں نے لکھیں ہیں اور اسلامی تاریخی مصادر مثلاً تاریخ دمشق از ابن عساکر میں درج ہیں، سیمینار میں کئی اہم علمی اور تنقیدی موضوعات شامل تھے۔

قابل ذکر ہے کہ اس سیمینار میں حرم مقدس حضرت عباس علیہ‌السلام کے مذہبی امور کے نگراں حجت‌الاسلام والمسلمین سید احمد صافی، متولی کے دفتر کے سربراہ مصطفی آل ضیاءالدین، حوزہ علمیہ کے اساتذہ و طلاب کے ساتھ ساتھ الکفیل، العمید، امام کاظم علیہ‌السلام یونیورسٹیوں اور العمید علمی و فکری انجمنوں کے محققین اور اساتذہ نے بھی شرکت کی۔

 

مزید مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے