حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کی سرپرستی میں امام حسن علیہالسلام سٹی کے شعبۂ مہارت سازی میں ’’علوی جوان فیسٹیول‘‘ کی تقریب منعقد ہوئی۔
حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کی سرپرستی میں امام حسن علیہالسلام سٹی میں’’علوی جوان فیسٹیول‘‘ منعقد ہوا جس میں عراق کے مختلف صوبوں سے تعلق رکھنے والے ۶۰ نوجوانوں نے شرکت کی، پروگرام کا مقصد نوجوانوں کی قیادتی اور میڈیا مہارتوں کو فروغ دینا تھا۔
یہ پروگرام حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے ذیلی ’’مرکز نَظْم‘‘ برائے اسٹریٹجک ترقی و منصوبہسازی اور ادارۂ ’’جوہرِ معرفت‘‘ برائے ثقافت و پائیدار ترقی کے آپسی تعاون سے منعقد کیا گیا۔
حرم مقدس کے شعبۂ تربیت کے ذمہدار حسن حیدر نے میڈیا سینٹر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام میں ایک ثقافتی کیمپ کا انعقاد شامل تھا جس میں عراق کے مختلف صوبوں سے تعلق رکھنے والے ۳۰ فکری، ثقافتی اور دینی اداروں کے نمائندہ نوجوانوں کے کئی گروہوں نے شرکت کی۔
اس کیمپ کے انعقاد کا مقصد نوجوانوں کی انتظامی اور میڈیا صلاحیتوں کو فروغ دینا تھا جو حضرت علیاکبر علیہالسلام کی ولادت با سعادت کے موقع پر منعقد کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ پروگرام تین دن تک جاری رہا اور اس میں ۶۰ نوجوانوں نے شرکت کی جنہیں ان کی مہارتوں کے مطابق دو کیمپوں میں تقسیم کیا گیا، پہلا کیمپ اداروں کے منتظمین کی قیادتی صلاحیتوں کو بہتر بنانے پر مرکوز تھا جبکہ دوسرا کیمپ اداروں سے وابستہ میڈیا کارکنوں کی صحافتی اور ابلاغی مہارتوں کے فروغ کے لیے مخصوص تھا۔
پروگرام کے اختتام پر معیاری عملی ورکشاپس منعقد کی گئی جن میں منصوبہسازی، میڈیا مینجمنٹ، خبروں کی کوریج کے طریقۂ کار کے ساتھ ساتھ مختلف فکری و معرفتی لیکچرز اور مباحثے بھی شامل تھے۔





