حرم مقدس امیر المومنین علیہ السلام نے مقامات مقدسہ کے منتظمین کے لیے ’’عوامی اجتماعات کے انتظام اور اُن کی تیاری‘‘ کے عنوان سے ایک خصوصی تربیتی نشست کا اہتمام کیا۔
حرم مقدس امیر المومنین علیہ السلام کے منصوبہ بندی اور ترقی کے شعبے "نَظْم” نے مختلف مقامات مقدسہ کے نمایاں کارکنوں کے لیے یہ تعلیمی نشست منعقد کی۔
یہ نشست شہرکِ امام حسن مجتبیٰؑ میں منعقد ہوئی۔ اس کا مقصد اُن افراد کی ثقافتی اور انتظامی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا تھا جو مذہبی و عوامی پروگراموں کے انتظام میں سرگرم رہتے ہیں۔
اس تربیتی نشست کے استاد، جناب اکرم سیّاب نے مرکزِ خبری سے گفتگو میں بتایا: ہم نے عوامی اجتماعات کی تیاری کے اصول، اُن کے عملی نفاذ کے طریقے، اُن کی جانچ پڑتال اور انہیں عوام تک پہنچانے کے مناسب طریقوں پر گفتگو کی۔
مزید پڑھیں:
حرم امیر المومنین علیہ السلام کی جانب سے نجف کے قدیمی علاقے میں عمرانی منصوبوں کا آغاز
اسی طرح جگہ کی ترتیب، پیغام تیار کرنے کے اصول، پروگرام کے مقصد کی وضاحت، عوام کو متوجہ کرنے کے طریقے، بہتر رابطہ پیدا کرنے اور کامیابی کے اہداف جیسے موضوعات بھی بیان کیے گئے۔
انہوں نے شرکاء کی دلچسپی اور محنت کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ یہ نشست آئندہ ہونے والے پروگراموں کے معیار میں بہتری کا سبب بنے گی، خاص طور پر اُن سرگرمیوں میں جو مقامات مقدسہ میں منعقد کی جاتی ہیں۔
مزار حضرت قاسم بن امام موسیٰ کاظمؑ کے ثقافتی معاون، سید احمد حسینی نے کہا: یہ نشست مقامات مقدسہ کے ثقافتی شعبوں کے کارکنوں کی صلاحیتوں میں اضافہ کے لیے رکھی گئی ہے۔ تین دن جاری رہنے والی اس تربیت میں ثقافتی منصوبوں کی بہتری، برنامہ سازی، اور کارکنوں کی کارکردگی بڑھانے جیسے موضوعات شامل تھے۔
انہوں نے کہا کہ مقامات مقدسہ ایسے ترقیاتی پروگراموں کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔
یہ نشست اُن سرگرمیوں میں سے ایک ہے جو حرم مقدس امیر المومنین علیہ السلام کی جانب سے مزارات کے انتظامی و ثقافتی عملے کی صلاحیتیں بڑھانے اور زائرین سمیت عام لوگوں کو بہتر خدمات فراہم کرنے کے لیے باقاعدگی سے منعقد کی جاتی ہیں۔
