سب سے زیادہ تلاش کیا گیا:

مجلہ النہج حرم مطہر امیرالمومنین علیہ‌السلام

حرم مطہر امیرالمومنین علیہ‌السلام کا مجلہ النہج: حوزۂ علمیہ نجف کی تحقیقی سرگرمیوں کو فروغ دینے کا ذریعہ

حوزۂ علمیہ نجف اشرف کی ہزار سالہ تاریخ کی یادگاری تقریبات کے سلسلے میں حرم مطہر امیرالمومنین علیہ‌السلام کے علمی و تحقیقی مجلے ’’النہج‘‘ کی علمی جانچ کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے، جس کے بعد اسے عراق کی وزارت اعلیٰ تعلیم و سائنسی تحقیق سے حتمی منظوری بھی مل گئی ہے۔

مجلہ النہج حرم مطہر امیرالمومنین علیہ‌السلام کے شعبۂ امورِ فکری و ثقافتی سے وابستہ مجمعِ علوی برائے تحقیقات و مطالعات اسلامی کے زیرِ اہتمام شائع ہوتا ہے۔ علمی جانچ کے تمام مراحل مکمل ہونے اور وزارت سے حتمی منظوری حاصل ہونے کے بعد اس مجلے کی علمی و جامعاتی حیثیت مزید مستحکم ہوئی ہے، جبکہ اس کی تحقیقی سرگرمیوں کے دائرے کو وسعت دینے کی راہ بھی ہموار ہوئی ہے۔

مجمعِ علوی کے سربراہ شیخ سلام ناصری نے حرم کے خبررساں مرکز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا:

اس مجلے کی علمی جانچ حرم مطہر امیرالمومنین علیہ‌السلام کی ان مسلسل کوششوں کا حصہ ہے، جو حوزۂ علمیہ نجف اشرف کی ہزار سالہ تاریخ کی یاد منانے اور اس کی علمی و تحقیقی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس مجلے کی اشاعت کا مقصد محققین اور اہل علم کو اس جانب متوجہ کرنا اور مختلف علمی شعبوں کے ماہرین کے لیے ایک معتبر علمی و تحقیقی پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا:

مجلے کا تیسرا شمارہ حوزۂ علمیہ نجف اشرف کی ہزار سالہ تاریخ اور اس سے متعلق علمی و فکری موضوعات پر مشتمل ہوگا، جبکہ چوتھا شمارہ شیخ الطائفہ کے لقب سے معروف شیخ طوسی قدس سرہ کی شخصیت کے لیے مختص کیا جائے گا۔ اس میں ان کے افکار، علمی میراث اور اعتقادی موضوعات کا جائزہ لیا جائے گا۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس مجلے میں مختلف عرب، اسلامی اور افریقی ممالک کے ماہر محققین کی تحریریں شامل ہوتی ہیں۔

مجلہ ’’النہج‘‘ مجمع علوی کے زیرِ اہتمام سال میں دو مرتبہ شائع ہوتا ہے۔ یہ مجمع حرم مطہر امیرالمومنین علیہ السلام کے شعبۂ امور فکری و ثقافتی سے وابستہ ہے۔ اس علمی و تحقیقی مجلے کا مقصد علمی و تحقیقی سرگرمیوں کی حمایت اور امیرالمومنین علیہ السلام کی علمی میراث اور حوزۂ علمیہ نجف اشرف سے متعلق خصوصی مطالعات و تحقیقات کو فروغ دینا ہے۔

مزید مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے