سب سے زیادہ تلاش کیا گیا:

حرم مطہر امیر‌المومنین علیہ‌السلام میں آیت اللہ خوئی قدس سرہ کی یاد میں منعقد ہونے والی کانفرنس کی علمی کمیٹی کا پہلا اجلاس

حرم مطہر امیر‌المومنین علیہ‌السلام میں آیت اللہ سید ابوالقاسم خوئی قدس سرہ کی یاد میں منعقد ہونے والی کانفرنس کی علمی کمیٹی کا پہلا اجلاس منعقد ہوا، جس میں کانفرنس کے موضوعات اور مختلف علمی پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔

یہ کانفرنس آیت اللہ سید ابوالقاسم خوئی قدس سرہ کی مرجعیت میں علمی و تمدنی جہتوں کی عکاسی کے عنوان سے منعقد ہوگی اور نجف اشرف کے حوزۂ علمیہ کی ہزار سالہ تاریخ کے سلسلے میں ترتیب دیے گئے پروگراموں کا حصہ ہے۔

حرم امیرالمؤمنین علیہ السلام کے علوی مجمع کے سربراہ اور کانفرنس کی علمی کمیٹی کے رکن شیخ سلام ناصری نےحرم کے خبر رساں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا:

یہ اجلاس آیت اللہ سید خوئی قدس سرہ کی شخصیت اور خدمات پر خصوصی کانفرنس کے انعقاد کی تیاریوں کے سلسلے میں منعقد کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا:

نجف اشرف کے حوزۂ علمیہ کی ہزار سالہ تاریخ کی مناسبت سے ہونے والی یہ کانفرنس حرم مطہر امیر‌المومنین علیہ‌السلام میں اپنی نوعیت کی ابتدائی کانفرنسوں میں شمار ہوتی ہے۔

شیخ ناصری نے مزید کہا:

کانفرنس میں آیت اللہ خوئی قدس سرہ کی علمی خدمات کا مختلف پہلوؤں سے جائزہ لیا جائے گا، جن میں فقہ، اصول فقہ اور علم رجال شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ان کی سماجی سرگرمیوں اور معاشرتی امور پر خصوصی توجہ کو بھی زیرِ بحث لایا جائے گا۔

انہوں نے بتایا:

علمی کمیٹی نے کانفرنس کے اجلاسوں کی صدارت کے لیے حوزۂ علمیہ کے ممتاز اہل علم اور محققین کا انتخاب بھی کیا ہے۔

واضح رہے کہ آیت اللہ سید ابوالقاسم خوئی قدس سرہ کی مرجعیت میں علمی و تمدنی جہتوں کی عکاسی کے عنوان سے یہ کانفرنس مدرسۂ دارالعلم آیت اللہ سید خوئی کے تعاون سے منعقد ہوگی۔ کانفرنس کا شعار حوزۂ علمیہ؛ جہاد اور اجتہاد رکھا گیا ہے۔

یہ علمی اجتماع نجف اشرف کے حوزۂ علمیہ کی ہزار سالہ تاریخ کی مناسبت سے منعقد کیا جا رہا ہے۔ اس کا مقصد علمائے کرام کی تاریخی میراث کو زندہ رکھنا اور ان کی فکری و علمی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے، تاکہ دینی اور ثقافتی شعور کے فروغ میں ان کے کردار کو اجاگر کیا جا سکے۔

مزید مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے