سب سے زیادہ تلاش کیا گیا:

خادمانِ افتخاریظخادمانِ افتخاری حرم مقدس

خادمانِ افتخاری حرم مقدس امیر‌المومنین علیہ‌السلام کے لیے خصوصی تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

حرم مقدس امیر‌المومنین علیہ‌السلام نے خادمانِ افتخاری کی مہارتوں اور صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے خصوصی تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا۔

مرکزِ قنبر برائے خادمانِ افتخاری حرم مقدس نے مرکزِ نظم، شعبۂ حکمتِ عملی، منصوبہ بندی و ترقی کے تعاون اور ہم آہنگی سے یہ ورکشاپ منعقد کی۔ اس ورکشاپ کا مقصد رضاکارانہ طور پر خدمات انجام دینے والی انجمنوں اور اداروں سے وابستہ خادمانِ افتخاری کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مہارتوں کو بہتر بنانا تھا۔

پانچویں بین الاقوامی ہفتۂ صادقین کے پروگراموں کے ضمن میں منعقد ہونے والی اس ورکشاپ کا مقصد زائرین کی سال بھر خدمات کے لیے جاری منصوبوں اور پروگراموں کو مضبوط بنانا اور ان کی معاونت کرنا تھا۔ بالخصوص لاکھوں زائرین کی آمد کے موقع پر خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنانے پر توجہ دی گئی۔

مرکزِ قنبر برائے خادمانِ افتخاری کے انچارج احمد الزورکانی نے مرکزِ خبری سے گفتگو کرتے ہوئے کہا:

"یہ اقدام تقریباً ۱۰۰ خادمانِ افتخاری کے تعاون سے عمل میں آیا ہے، جن میں مختلف خدمت گزار انجمنوں کے ذمہ داران اور نمائندگان شامل ہیں۔ اس کا مقصد رضاکار گروہوں کی صلاحیتوں کو مضبوط اور فروغ دینا، پیش آنے والی اہم رکاوٹوں اور مشکلات کی نشاندہی کرنا اور ان کے حل تلاش کرنا ہے۔ اس کے علاوہ خدمات کے فروغ اور نئے پروگراموں کی تیاری کے لیے خیالات اور تجاویز پیش کرنا بھی اس ورکشاپ کے مقاصد میں شامل ہے”

انہوں نے مزید کہا:

"حرم مقدس امیرالمومنین علیہ السلام کی انتظامیہ نے ہفتۂ بین الاقوامی صادقین کے پروگراموں کے ضمن میں ایک ہزار سے زائد خادمانِ افتخاری کی تجلیل کے لیے خصوصی تقریب کے انعقاد پر زور دیا ہے۔ یہ تقریب انجمنوں اور خدمت گزار اداروں کے ذمہ داران و نمائندگان کے لیے منعقد کیے جانے والے خصوصی پروگرام کا اختتامی مرحلہ ہوگی۔”

مرکزِ نظم کے شعبۂ منصوبہ بندی کے انچارج حسن الہنداوی نے کہا:

"یہ ورکشاپ دو روز تک جاری رہے گی، جس میں ۴۰ خدمت گزار اداروں اور انجمنوں سے تعلق رکھنے والے تقریباً ۱۰۰ خادمانِ افتخاری شریک ہیں۔ یہ تربیتی پروگرام ایک جامع کورس کی صورت میں منعقد کیا جا رہا ہے، جس کا دورانیہ ۱۸ گھنٹے ہے”

انہوں نے وضاحت کی:

"اس کورس میں سماجی تقریبات کے انتظام، ہجوم کی تنظیم و نظم و نسق اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے طریقۂ کار جیسے خصوصی موضوعات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ لاکھوں زائرین کی آمد کے دوران ضروری خدمات فراہم کرنے کی مہارتوں اور مختلف گروہوں سے تعلق رکھنے والے زائرین کے ساتھ مؤثر انداز میں تعامل کے طریقوں پر بھی توجہ دی جا رہی ہے، تاکہ خدمات کے معیار اور بہتر کارکردگی کو یقینی بنایا جا سکے”

ہنداوی نے مزید کہا:

"اس پروگرام میں حوزۂ علمیہ کے اساتذہ اور علما کی شرکت سے دو علمی نشستیں بھی شامل ہیں۔ ان نشستوں میں رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور امام جعفر صادق علیہ السلام کی سیرت اور ان کے رسالتی کردار کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس کے ساتھ دینی اقدار، خدمتِ زائرین کی ذمہ داری اور سماجی سرگرمیوں کے باہمی تعلق کو بھی اجاگر کیا جائے گا”

انہوں نے مزید بتایا:

"ان تمام موضوعات کو ایسے باصلاحیت افراد کی تربیت اور تیاری کے لیے مرتب کیا گیا ہے، جو تنظیمی مہارتوں کے ساتھ خدمت کے شعور اور دینی ثقافت سے بھی بہرہ مند ہوں۔ اس اقدام سے زائرین کی خدمت کے معیار کو بلند کرنے اور خدمت کو ایک ذمہ داری و رسالت کے طور پر معاشرے میں مستحکم کرنے میں مدد ملے گی”

مزید مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے