شعبۂ فکری و ثقافتی امور سے وابستہ مجمع علوی برائے تحقیقات و اسلامی مطالعات نے حرم مقدس امیرالمومنین علیہ السلام کے اسٹریٹجک منصوبہ بندی و ترقیاتی یونٹ کے مرکز ’’نَظم‘‘ کے تعاون سے اعلیٰ تعلیمی اور جامعاتی اسناد رکھنے والے خدامِ امیرالمومنین علیہ السلام کے لیے تحقیق کے موضوع پر ایک خصوصی کورس منعقد کیا۔
یہ کورس مجمع سے وابستہ فکری و ثقافتی فورم کے رکن محققین کے لیے مخصوص تھا، جس کا مقصد ان کے علمی و فکری معیار کو بلند کرنا اور تحقیق و علمی تحریر کے میدان میں ان کی مہارتوں کو مزید مستحکم کرنا تھا۔
مجمع کے سربراہ شیخ سلام الناصری نے نیوز سینٹر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: ’’اس کورس کا انعقاد محققین کی حمایت اور ان کی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے مجمع کی جاری کوششوں کا حصہ ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا: ’’اس کورس میں محققین کو علمی و پیشہ ورانہ اصولوں کے مطابق تربیت دینے اور انہیں علمی تحقیقات کی تدوین و تحریر کے جدید و مستند طریقۂ کار سے روشناس کرانے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا: ’’یہ کورس مجمع کے ان منصوبوں کی تکمیل کی جانب ایک اہم قدم ہے، جن کا مقصد تحقیق کے میدان میں ایک فعال اور متحرک ماحول پیدا کرنا اور محققین کے فکری و ثقافتی معیار کو بلند کرنا ہے۔ اس کے ذریعے محققین کی جانب سے تخصصی تحقیقات اور مطالعات پیش کرنے کے عمل کو فروغ دے کر علمی و فکری سرگرمیوں میں مزید وسعت پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ یہ اقدام محققین کی تحقیقی مہارتوں کو ترقی دینے اور علمی و ثقافتی میدان میں ان کی مؤثر موجودگی کو مضبوط بنانے کی مجمع کی پالیسی کا حصہ ہے۔‘‘
جامعۂ کوفہ کے استاد اور اس کورس کے مدرس ڈاکٹر محمد التمیمی نے محققین کو جدید اور ذہین تحقیقی معاون ذرائع سے استفادہ کرنے کی صلاحیت فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا: ’’اس امر سے محقق کو معتبر علمی اشاعتی ذرائع اور غیر معتبر ذرائع کے درمیان امتیاز کرنے میں مدد ملتی ہے، جبکہ وہ ڈیجیٹل مواد اور مصنوعی ذہانت کے اطلاق کے میدان میں حقیقی اور مؤثر ٹولز سے بھی آشنا ہوتا ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا: ’’اس کورس میں محققین کے لیے ضروری دیگر ذرائع، جن میں علمی، لسانی اور فلسفیانہ معاونت کے وسائل شامل ہیں، پر بھی توجہ دی گئی ہے۔ ان میں مصنوعی ذہانت پر مبنی تحقیقی معاون ذرائع بھی شامل ہیں۔ یہ تمام وسائل محققین کے فکری حقوق کے تحفظ اور علمی تحقیقات کے معیار کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوسکتے ہیں۔‘‘
یہ کورس 30 روز کے دوران آٹھ تربیتی نشستوں کی صورت میں منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں ہفتے کے دو دن بالمشافہ تدریس کا اہتمام کیا گیا ہے۔ اس سے قبل نظریاتی مباحث پر مشتمل ایک آن لائن کورس بھی منعقد کیا جا چکا ہے، جس میں تحقیق کے عنوان کے انتخاب، تحقیقی خاکہ مرتب کرنے اور دیگر علمی موضوعات پر تربیت فراہم کی گئی۔



