زائرینِ اربعین کی خدمت کے لیے اپنی پیشگی منصوبہ بندی کے تحت حرم مقدس امیرالمومنین علیہ السلام نے شعبۂ مضیف الزائرین کے ذریعے امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام کے نام سے ایک نئے ضیافتی مرکز کا افتتاح کیا ہے، جہاں زائرین کو امیرالمومنین علیہ السلام کی برکات سے فیض یاب ہونے کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔ یہ خدمات اُن زائرین کے لیے ہیں جو کربلائے مقدسہ روانہ ہونے سے قبل روضۂ مبارکِ سید الاوصیاء علیہ السلام کی زیارت سے مشرف ہوتے ہیں۔
مرکز کے نگران، خادم سجاد نبیل نے مرکزِ خبری کو بتایا کہ حرم مقدس امیرالمومنین علیہ السلام کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے خدام ضیافتی کھانوں کی تیاری اور تقسیم کی سعادت حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس مرکز میں روزانہ ناشتے، دوپہر اور رات کے کھانے پر مشتمل تین اوقات میں ۲۰ ہزار سے زائد کھانے تقسیم کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ زائرین کی تعداد میں مسلسل اضافے کے ساتھ روزانہ فراہم کی جانے والی ضیافت میں بھی اضافہ کیا جا سکتا ہے، جبکہ یہ مرکز ۲۰ صفر تک زائرین کی خدمت جاری رکھے گا۔
یہ تمام اقدامات حرم مقدس امیرالمومنین علیہ السلام کی جامع خدمت گاہی منصوبہ بندی کا حصہ ہیں، جس کے تحت اربعینِ امام حسین علیہ السلام کے لاکھوں زائرین کی خدمت کے لیے تمام انسانی، فنی اور انتظامی وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ انہیں بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔








