مرکز کے سربراہ، خادم ڈاکٹر جواد اسماعیلی نے مرکزِ خبر سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا:
"اس منصوبے کے تحت پانچ طبی مراکز قائم کیے گئے ہیں، جنہیں ماہر ڈاکٹروں، نرسنگ اور خدماتی عملے کے علاوہ جدید طبی آلات، ادویات اور ضروری طبی سامان سے مکمل طور پر آراستہ کیا گیا ہے، تاکہ زائرین کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔”
انہوں نے مزید بتایا کہ یہ طبی مراکز حرم مقدس امیرالمومنین علیہ السلام کے اطراف مختلف مقامات پر قائم کیے گئے ہیں، جن میں دارالشفا، باب الشیخ الطوسیؒ کی توسیع، صحن حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا، عارضۃ الحمامی کے قریب واقع علوی کمپلیکس، اور علاقے الحولی میں قائم شہرِ امام رضا علیہ السلام شامل ہیں۔ تمام مراکز میں مرد و خواتین کے لیے علیحدہ طبی وارڈز مختص کیے گئے ہیں۔
ڈاکٹر اسماعیلی نے کہا کہ مرکز نے قنبر سنٹر برائے متشرفینِ خدمت کے تعاون سے ہنگامی امدادی یونٹ کو ۳۳۵ مرد و خواتین رضاکار طبی کارکنوں سے تقویت فراہم کی ہے۔ اس کے علاوہ حرم مقدس امیرالمومنین علیہ السلام کے اطراف چھوٹی اور بڑی ایمبولینسیں تعینات کی گئی ہیں، تاکہ ہنگامی حالات میں فوری طبی امداد اور مریضوں کی بروقت منتقلی یقینی بنائی جا سکے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پیشہ ورانہ حفاظت (Occupational Safety) یونٹ زائرین کی آمدورفت کو منظم بنانے، ازدحام اور دھکم پیل کی روک تھام، اور حسینی مواکب میں حفاظتی اصولوں پر عمل درآمد کی نگرانی کر رہا ہے۔ اسی طرح ماحولیاتی نگرانی کا شعبہ زائرین میں تقسیم کیے جانے والے کھانے اور مشروبات کے معیار اور صحت بخش ہونے کی مسلسل جانچ کر رہا ہے، تاکہ زائرین کی صحت اور سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔
واضح رہے کہ حرم مقدس امیرالمومنین علیہ السلام نے زیارتِ اربعین کے موقع پر لاکھوں زائرین کی خدمت کے لیے اپنے تمام شعبوں کی افرادی و خدماتی صلاحیتیں بروئے کار لا رکھی ہیں۔ نجف اشرف میں واقع روضۂ امیرالمومنین علیہ السلام ہر سال کربلائے مقدس کی جانب روانہ ہونے والے زائرین کے لیے ایک اہم اور مرکزی پڑاؤ کی حیثیت رکھتا ہے۔



