سب سے زیادہ تلاش کیا گیا:

اربعینِ حسینی کی پیشگی خدمات کے سلسلے میں حرم مقدس امیرالمومنین علیہ السلام نے زائرین میں ضیافت کے کھانوں کی تقسیم کا آغاز کر دیا

اربعینِ امام حسین علیہ السلام کی پیشگی تیاریوں کے تحت حرم مقدس امیرالمومنین علیہ السلام کے شعبۂ مضیف الزائرین نے ماہِ صفر کی سات تاریخ سے ہی مرقدِ امیرالمومنین علیہ السلام پر حاضری کے لیے آنے والے زائرین میں مولائے کائنات علیہ السلام کی ضیافت کی برکتوں کی تقسیم کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ زائرین حرم مقدس امیرالمومنین علیہ السلام میں زیارت و تبرک کے بعد کربلائے مقدسہ کی جانب روانہ ہوتے ہیں تاکہ اربعینِ حسینی کی عظیم زیارت میں شرکت کر سکیں۔

شعبۂ مضیف الزائرین کے سربراہ، خادم اثیر التمیمی نے نیوز سینٹر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا:

"لاکھوں زائرین کی ابتدائی آمد کے ساتھ ہی ان کی ضیافت کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے شعبۂ مضیف کے مرکزی مقام، جو صحن حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کے قریب واقع ہے، میں مرکزی ضیافت مرکز فعال کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کریمِ اہلِ بیت، امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام کے یومِ شہادت کی مناسبت سے ایک عظیم ضیافتِ عشاء کا بھی اہتمام کیا گیا۔”

انہوں نے مزید کہا:

"حرم مقدس امیرالمومنین علیہ السلام کی جنرل سیکریٹریٹ کی ہدایت پر اربعینِ حسینی کے زائرین کی خدمت کے لیے ضیافت، استراحت اور خدمات کے درجنوں مراکز معمول سے پہلے ہی کھول دیے گئے ہیں۔ ان میں صحنِ حیدری کے بیرونی اطراف قائم مراکز، نجفِ اشرف کے قدیم شہر سے حرم مقدس امیرالمومنین علیہ السلام کی جانب آنے والے راستوں پر خدماتی مراکز، نیز ‘یا حسین’ روڈ پر قائم ضیافت گاہیں شامل ہیں، جہاں سے کربلائے مقدسہ جانے والے لاکھوں زائرین گزرتے ہیں۔”

واضح رہے کہ حرم مقدس امیرالمومنین علیہ السلام اپنے تمام شعبہ جات کی مشترکہ کاوشوں کے ذریعے اربعینِ امام حسین علیہ السلام کے زائرین کی خدمت میں مصروف ہے، کیونکہ نجفِ اشرف میں واقع مرقدِ امیرالمومنین علیہ السلام لاکھوں زائرین کے لیے کربلائے مقدسہ کی جانب روانگی سے قبل ایک اہم روحانی منزل کی حیثیت رکھتا ہے۔

مزید مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے