شعبۂ امورِ ہندسی و فنی کے سربراہ، خادم انجینئر مصطفیٰ محبوبة نے نیوز سینٹر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا:
"مجمع الغدیر الکبیر کا منصوبہ حرمِ مقدسِ امیرالمؤمنین علیہ السلام کی جنرل سیکریٹریٹ کے اسٹریٹجک وژن کا حصہ ہے، جس کا مقصد نجفِ اشرف کے قدیم شہر کے عمرانی اور خدماتی ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور عراق سمیت دنیا بھر سے آنے والے زائرین کو بہترین سہولیات فراہم کرنا ہے۔ یہ منصوبہ السدیر کے علاقے میں ۱۵ ہزار مربع میٹر رقبے پر تعمیر کیا جا رہا ہے، جس کے ڈیزائن میں اسلامی طرزِ تعمیر کی اصالت اور جدید ترقیاتی تقاضوں کے درمیان حسین امتزاج کو ملحوظ رکھا گیا ہے۔”
منصوبے کے معمار، خادم انجینئر حسن علی نے بتایا:
"اس منصوبے میں متعدد تجارتی دکانیں، ہوٹل کے کمرے اور رہائشی اپارٹمنٹس شامل ہیں، جو زائرین کی میزبانی کے لیے مختص ہوں گے۔ اس کے علاوہ ایک جامع مسجد بھی تعمیر کی جا رہی ہے، جو ایک اہم دینی مرکز کے طور پر خدمات انجام دے گی، جبکہ ایک جدید آرام گاہ بھی منصوبے کا حصہ ہے، جہاں مختلف سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس طرح یہ منصوبہ نجفِ اشرف کے شہریوں اور سال بھر آنے والے لاکھوں زائرین دونوں کی ضروریات پوری کرے گا۔”
انہوں نے مزید کہا:
"منصوبے میں ۹۲۵ گاڑیوں کی گنجائش پر مشتمل ایک جدید پارکنگ بھی شامل ہے، جو خصوصاً زیاراتِ میلیونیہ کے دوران گاڑیوں کی پارکنگ کے مسئلے کے حل اور ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ منصوبے کے ڈیزائن میں مقامی طرزِ تعمیر اور تاریخی و ثقافتی شناخت کو بھی نمایاں طور پر پیشِ نظر رکھا گیا ہے، تاکہ یہ ایک ایسا مربوط شہری منصوبہ بن سکے جس میں تجارتی، رہائشی، ہوٹلنگ اور دینی سہولیات یکجا ہوں۔”
واضح رہے کہ حرمِ مقدسِ امیرالمؤمنین علیہ السلام نجفِ اشرف کے شہری اور خدماتی ڈھانچے کی ترقی کے لیے مختلف منصوبوں پر مسلسل عمل پیرا ہے، جن کا مقصد شہر کی معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینا، سرمایہ کاری کے مواقع میں اضافہ کرنا اور اہلِ نجفِ اشرف اور زائرین کو جدید اور جامع سہولیات فراہم کرنا ہے۔













