حرمِ مقدس امیرالمومنین علیہالسلام کے ایک وفد نے گمشدہ زائرین کی رہنمائی سے متعلق ایک خصوصی ہم آہنگی ورکشاپ میں شرکت کی، جس کی میزبانی حرمِ مطہر عباسی نے کی اور یہ عتباتِ عالیہ کے گمشدہ زائرین گائیڈ آرگنائزیشن اور دیگر متعلقہ اداروں کے تعاون سے منعقد کی گئی۔ یہ شرکت گزشتہ سال کی شرکت کا تسلسل ہے جس کا مقصد زائرین، بالخصوص ملین مارچ کے ایام میں خدمات کو وسعت دینے کے لیے عتباتِ مقدسہ کے درمیان تعاون اور ہم آہنگی کو مضبوط بنانا ہے۔
حرمِ مقدس امیرالمومنین علیہ السلام میں گمشدہ زائرین کے گائیڈ سینٹر کے انچارج مصطفی الفتلاوی نے حرم کے نیوز سینٹر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: "اس ورکشاپ میں حرمِ مقدس امیرالمومنین علیہ السلام کے وفد نے ایک مشترکہ سرچ انٹرفیس بنا کر عتباتِ مقدسہ کے گمشدہ زائرین گائیڈ سینٹرز کے ڈیٹابیس کو یکجا کرنے کا منصوبہ پیش کیا ہے۔”
انہوں نے مزید کہا: "اس منصوبے پر مکمل عمل درآمد ہو چکا ہے اور زائرین کی خدمت کے لیے پہلی بار اربعینِ حسینی کے موقع پر اس کا استعمال کیا جائے گا۔ اس سسٹم کو مستقبل میں مزید وسعت دی جائے گی اور دیگر ملین مارچ (زیارتوں) میں بھی استعمال کیا جائے گا۔”
الفتلاوی نے اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ زائرین گائیڈ سینٹرز کے درمیان اب تک ہم آہنگی زیادہ تر فون کالز اور وائرلیس مواصلات کے ذریعے ہوتی تھی اور ان کے درمیان کوئی براہ راست ورچوئل لنک نہیں تھا، کہا: "اسی وجہ سے خدمات کے طریقہ کار کو بہتر بنانے اور خدمت گزار اداروں کے درمیان ہم آہنگی کی سطح کو بڑھانے کے لیے اس منصوبے کو پیش کرنے کی ضرورت واضح ہوئی۔”
انہوں نے وضاحت کی کہ یہ منصوبہ API ٹیکنالوجی کی بنیاد پر ڈیزائن کیا گیا ہے؛ یہ وہ ٹیکنالوجی ہے جو مختلف ڈیٹابیسز کو ایک ہی سسٹم میں ضم کیے بغیر ان کے درمیان رابطے کو ممکن بناتی ہے۔ اس بنیاد پر، ہر سینٹر اپنے سسٹم کے ذریعے دیگر سینٹرز میں رجسٹرڈ زائرین کی معلومات تلاش کر سکتا ہے۔
مثال کے طور پر، حرمِ مقدس امیرالمومنین علیہ السلام یہ چیک کر سکتا ہے کہ آیا مطلوبہ زائر حرمِ مطہر حسینی، حرمِ مطہر عباسی یا زائرین کے راستوں پر قائم دیگر سینٹرز میں رجسٹرڈ ہے یا نہیں؛ یہ خصوصیت گمشدہ زائرین کو تلاش کرنے کے عمل کو تیز کرتی ہے اور خدمت گزار اداروں کے درمیان ہم آہنگی میں نمایاں اضافہ کرتی ہے۔
ورکشاپ کے شرکاء نے اس اقدام کا خیرمقدم کیا اور اسے زائرین کے لیے خدمات کو بہتر بنانے کی جانب ایک مؤثر قدم قرار دیا۔ انہوں نے اس منصوبے کو وسعت دینے اور مستقبل کے تمام ملین مارچ (زیارتوں) میں اس سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
واضح رہے کہ حرمِ مقدس امیرالمومنین علیہ السلام اپنے تمام شعبوں اور صلاحیتوں کو متحرک کر کے اربعین کے زائرین کی خدمت میں مصروفِ عمل ہے؛ وہ زائرین جو نجف اشرف میں حرمِ مقدس امیرالمومنین (علیہ السلام) کو کربلائے معلیٰ کی جانب اپنے سفر کی اہم ترین روحانی منزلوں میں سے ایک کے طور پر منتخب کرتے ہیں۔

