سب سے زیادہ تلاش کیا گیا:

زیارتِ اربعین کی تیاریاں: حرم مقدس کی جانب سے صحنِ مطہر کے گرد و نواح میں مفت انٹرنیٹ سروس کا آغاز

حرم مقدس امیر‌المؤمنین (علیہ‌السلام) کے انفارمیشن ٹیکنالوجی سینٹر نے امیرالمؤمنین حضرت علی ابن ابی‌طالب (علیہ‌السلام) کے مرقدِ اطہر کے ارد گرد کے تمام علاقوں میں مفت انٹرنیٹ (Wi-Fi) سروس فراہم کرنے کے منصوبے کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ یہ اقدام صفر المظفر کے مہینے، بالخصوص امام حسین (علیہ‌السلام) کی زیارتِ اربعین کے ایام کے دوران زائرین کے عظیم‌الشان استقبال کے لیے عتبہ عالیہ کی بھرپور تیاریوں کا حصہ ہے۔

لاکھوں زائرین کی آمد کے لیے قائم ‘آپریشن روم’ کے رکن اور عتبہ کے خادم جناب محمد کشکول نے نیوز سینٹر سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا:

"یہ منصوبہ حرم مقدس امیر‌المؤمنین (علیہ‌السلام) کے سینیئر سیکرٹری جنرل کی خصوصی ہدایات پر اور نجف اشرف کے محکمۂ مواصلات و انفارمیٹکس کے ساتھ براہِ راست تعاون کے ذریعے نافذ کیا گیا ہے؛ جس کا بنیادی مقصد زائرینِ کرام کو بہترین تکنیکی خدمات فراہم کرنا اور اپنے اہل خانہ کے ساتھ ان کے رابطے کو آسان بنانا ہے۔”

انہوں نے مزید کہا:

"یہ سروس روزانہ ۱۰ ہزار سے زائد زائرین کو واٹس ایپ، ٹیلی گرام اور دیگر جدید سوشل میڈیا ایپلی کیشنز استعمال کرنے کی سہولت فراہم کرے گی، جس سے روضۂ مبارک کے گرد و نواح میں فراہم کی جانے والی خدمات کا معیار مزید بلند ہوگا۔”

جناب محمد کشکول نے واضح کیا کہ آئی ٹی سینٹر کے انجینئرز اور تکنیکی عملے نے صحنِ علوی مطہر کے اطراف کو مکمل طور پر کور کرنے کے لیے لگ بھگ ۸۰ وائی فائی روٹرز نصب کر دیے ہیں، اور یہ سروس پورے ماہِ محرم‌الحرام اور صفرالمظفر میں مستقل جاری رہے گی۔

واضح رہے کہ حرم مقدس امیر‌المؤمنین (علیہ‌السلام) کی جانب سے عراق اور بیرونِ ملک سے آنے والے تمام زائرین اور زائلات کی خدمت کے لیے قبل از وقت اور وسیع پیمانے پر پروگرام مرتب کیے جاتے ہیں، جو کربلا معلیٰ میں مراسمِ اربعین کے احیاء کے لیے روانہ ہونے سے پہلے مولا امیر المؤمنین (علیہ السلام) کے مرقدِ اطہر کی زیارت کے شرف سے مشرف ہونے کے لیے نجف اشرف پہنچتے ہیں۔

مزید مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے